کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 140
الناس پڑھے گا وہ اسے ہر طرح(کے مصائب و آلام اور رنج و غم)سے محفوظ رکھنے کے لیے کافی ہوجائیں گے۔‘‘ ایسے ہی مسند احمد میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ مبارک ہے: ‘’جو شخص اللہ تعالیٰ سے(تلاوتِ قرآن اور سماعتِ قرآن کے ذریعے)قرآن مجید کو آنکھوں کا نور اور دل کا سرور بنانے،نیز رنج و غم دور کرنے کی درخواست کرے گا،اللہ اسے آنکھوں کی ٹھنڈک اور دل کا سکون عطا فرمائے گا اور اس کے رنج و غم بھی دور فرمادے گا۔‘‘ غور فرمائیے! قرآنِ مجید کی عمومی تلاوت اور چند مخصوص سورتوں یا آیات کا اہتمام انسان کو کتنے مصائب و آلام،ہموم و غموم اور شرور و فتن سے محفوظ کرکے دنیا میں عزت و آرام اور خیر و برکت کی زندگی سے ہمکنار کردیتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ قرآنِ مجید دنیا کے شرور و فتن اور مصائب و آلام سے محفوظ ترین پناہ گاہ ہے۔کشمکشِ خیر و شر میں مضبوط ترین ڈھال ہے۔زندگی کے تپتے صحراء میں ٹھنڈا اور گھنا سایہ ہے۔جو اسے اپنائے گا سر ا سر رحمت پائے گا اور جو اسے ترک کرے گا یقینا وہ حرماں نصیب اور محرومِ رحمت ہوگا۔