کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 135
’’خوش ہوجاؤ کہ قرآن مجید کا ایک سِرا اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اور دوسرا تمھارے ہاتھ میں،اسے تھامے رکھوگے تو کبھی گمراہ ہوگے نہ ہلاک ہوگے۔‘‘ 2۔زندگی کے فتنوں سے حفاظت: زندگی کے فتنوں میں سب سے بڑا فتنہ دجّال کا فتنہ ہے اور قرآنِ کریم اس فتنۂ دجال سے بھی حفاظت کرتا ہے۔چنانچہ صحیح مسلم،سنن ابو داود و نسائی اور مسند احمد میں حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((مَنْ حَفِظَ عَشْرَ آیَاتٍ مِنْ أَوَّلِ سـُوْرَۃِ الْکَہْفِ،عُصِمَ مِنْ فِتْنَۃِ الدَّجَّالِ))(صحیح مسلم:۳/ ۲۳۳۲) ’’جس نے سورت کہف کی پہلی دس آیات یاد کرلیں وہ فتنۂ دجال سے بچالیا گیا۔‘‘ یاد رہے کہ فتنۂ دجال کے بارے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر قیامت تک فتنۂ دجال سے بڑا کوئی فتنہ نہیں۔‘‘ سورت کہف کی صرف پہلی دس آیات اگر اس عظیم فتنہ سے محفوظ رکھیں تو امید کرنی چاہیے کہ اس سے کم درجہ کے دیگر سارے فتنوں سے بدرجۂ اولیٰ محفوظ رکھیں گی۔ان شآء اللہ۔ 3۔آفاتِ سماویہ سے حفاظت: آفات سماویہ:آندھی،طوفان،بیماریاں،زلزلے،سیلاب،قحط سالی،خسف(آبادیوں کا زمین میں دہنس جانا)،مسخ(شکلیں بدلنا)اور قذف(آسمان سے پتھر برسائے جانے)سے بچنے کے لیے معوذتین پڑھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔