کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 132
} اَلَا بِذِکْرِ اللّٰہِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْبُ}[الرعد:۲۸] ‘’اور سن رکھو کہ اللہ کی یاد سے دل سکون و اطمینان اور آرام پاتے ہیں۔‘‘ کیا ہم دیکھتے نہیں کہ دنیا میں سب سے زیادہ پر سکون اور قناعت کی زندگی وہ بوریا نشین اور فاقہ کش لوگ بسر کرتے ہیں جو قرآن مجید پڑھتے اور پڑھاتے ہیں۔جنھوں نے دنیاوی آرام و آسائش قربان کرکے اپنی زندگیاں اللہ کے دین کے لیے وقف کر رکھی ہیں ؟ پس جو لوگ دنیا میں اطمینان،سکون،قناعت،آسودگی،خوشحالی اور حقیقی مسرت کی زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں،انھیں چاہیے کہ وہ اپنے گھروں میں قرآن مجید کی تلاوت،سماعت،تعلیم اور تدریس کا ماحول پیدا کریں۔والدین خود صبح اٹھ کر نمازِ فجر ادا کریں اور اہلِ خانہ کو بھی پابند بنائیں اور پھر باقاعدگی سے قرآنِ مجید کی تلاوت کریں،روزانہ کسی نہ کسی وقت اچھے قرّاء کی کیسٹ یا سی ڈی لگا کر خود سنیں اور بچوں کو بھی سنائیں۔قرآنِ مجید کے ساتھ آپ کا تعلق جتنا گہرا ہوتا جائے گا،اسی قدر آپ قلبی اور ذہنی سکون محسوس کرنے لگیں گے اور غیر محسوس طریقے سے دیگر روحانی اور جسمانی بیماریوں سے بھی آپ کو شفا حاصل ہوتی چلی جائے گی۔ان شآء اللہ۔ (مزید تفصیل کے لیے دیکھیں:فضائلِ قرآن مجید از کیلانی۔تفسیر المعوذتین از علامہ ابن قیم۔طب نبوی از علامہ ابن قیم۔معوذتین:فضائل،ترجمہ و تفسیر۔تالیف:انجینئر شاہد ستار،تقدیم و تہذیب:ابو عدنان محمد منیر قمر)