کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 125
قرآن مجید؛ نسخۂ شفاء قرآنِ مجید کی بکثرت تلاوت اور سماعت کفر و شرک،نفاق و ریا کاری،حسد،بغض و کینہ،لالچ،بخل،عداوت،شکوک و شبہات اور وساوس جیسی تمام روحانی بیماریوں سے شفا بخشتی ہے،جیسا کہ سورۂ یونس میں وضاحت کے ساتھ موجود ہے۔چنانچہ ارشادِ الٰہی ہے: } یٰٓاَیُّھَا النَّاسُ قَدْ جَآئَتْکُمْ مَّوْعِظَۃٌ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَ شِفَآئٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِ وَ ھُدًی وَّ رَحْمَۃٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ}[یونس:۵۷] ’’لوگو! تمھارے پاس رب کی طرف سے نصیحت اور دلوں کی بیماریوں کی شفا اور مومنوں کے لیے ہدایت اور رحمت آ پہنچی ہے۔‘‘ لیکن سورت بنی اسرائیل اور سورت حم ٓ السجدہ کی آیات میں قرآنِ مجید کو مطلق شفا ارشاد فرمایا گیا ہے،جس کا مطلب یہ ہے کہ قرآنِ مجید جسمانی بیماریوں کے لیے بھی شفا ہے۔چنانچہ سورت بنی اسرائیل میں ارشادِ الٰہی ہے: } وَ نُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْاٰنِ مَا ھُوَ شِفَآئٌ وَّ رَحْمَۃٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ وَ لَا یَزِیْدُ الظّٰلِمِیْنَ اِلَّا خَسَارًا}[بني إسرائیل:۸۲] ’’اور ہم قرآن(کے ذریعے)سے وہ چیز نازل کرتے ہیں جو مومنوں کے لیے شفا اور رحمت ہے اور ظالموں کے حق میں تو اس سے نقصان ہی بڑھتا ہے۔‘‘ جبکہ سورۂ حم السجدہ میں فرمانِ باری تعالیٰ ہے: