کتاب: اذکار نافعہ - صفحہ 94
ب: جنت میں داخلہ: امام ابوداؤد نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے ، کہ انہوں نے بیان کیا ، کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’جس کا آخری کلام [لَا اِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ] [1] ہوا ، وہ جنت میں داخل ہو گیا۔‘‘[2] ب:[سبحان اللّٰہ] کہنے کے فضائل: سو مرتبہ کہنے سے ہزار نیکی یاہزار گناہ کی معافی: امام مسلم نے حضرت سعد رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے ، کہ انہوں نے بیان کیا: ’’ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھے، تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کیا تم میں سے کوئی اس بات سے عاجز ہے، کہ ہر روز ایک ہزار نیکی کمائے؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس میں موجود ایک سوال کرنے والے نے پوچھا: ’’ہم میں سے کوئی ایک ہزار نیکی کیسے کمائے؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’وہ سو مرتبہ [سُبْحَانَ اللّٰہِ] کہے ، تو اس کے لیے ایک ہزار نیکی تحریر کی جائے گی یا اس سے ایک ہزار خطا دور کی جائے گی۔‘‘[3]
[1] [لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ] سے مکمل کلمہ [لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ] صلي الله عليه وسلم مراد ہے۔ (ملاحظہ ہو: فتح الباري ۱؍۱۰۴؛ وعمدۃ القاري ۱؍۲۶۰ ؛ وعون المعبود ۸؍۲۶۷)۔ [2] سنن أبي داود ، کتاب الجنائز، باب في التلقین،رقم الحدیث ۳۱۱۴، ۸؍۲۶۷۔ شیخ البانی نے اسے [صحیح] قرار دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: صحیح سنن أبي داود۲؍۶۰۲)۔ [3] صحیح مسلم ، کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ والاستغفار، باب فضل التہلیل والتسبیح والدعاء، رقم الحدیث ۳۷۔(۲۶۹۸)، ۴؍۲۰۷۳۔