کتاب: اذکار نافعہ - صفحہ 90
(۸) تہلیل، تسبیح، تحمید، تکبیر اور لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ إِلاَّ بِاللّٰہِ کے فضائل ا۔ [لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ] کے فضائل: ۱: بلند ترین ذکر: امام ترمذی اور امام نسائی نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت نقل کی ہے ،کہ انہوں نے بیان کیا :’’ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ’’سب سے زیادہ فضیلت والا ذکر: [لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ] ہے۔[1]
[1] جامع الترمذي ، أبواب الدعوات عن رسول اللہ صلي الله عليه وسلم ، باب ما جاء أن دعوۃ المسلم مستجابۃ، جزء من رقم الحدیث ۳۶۰۷ ، ۹؍۲۲۹؛ والسنن الکبریٰ، کتاب عمل الیوم واللیلۃ ، أفضل الذکر و أفضل الدعاء ، جزء من رقم الحدیث ۱۰۵۹۹ ، ۹؍۳۰۶۔ الفاظِ حدیث جامع الترمذي کے ہیں۔ امام ترمذی اور شیخ البانی نے اسے [حسن] قرار دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: جامع الترمذي ۹؍۲۲۹۔ ۲۳۰ ؛ وصحیح سنن الترمذي ۳؍۱۴۰)۔ علامہ مبارک پوری نے [لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ] کی فضیلت کی حکمت بیان کرتے ہوئے تحریر کیا ہے: کیونکہ یہ کلمہ توحید ہے ، اور توحید جیسی کوئی چیز نہیں ، یہ کلمہ کفر و ایمان کے درمیان حد فاصل ہے ، دل کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ سب سے زیادہ جوڑنے والا، غیر اللہ کی سب سے زیادہ نفی کرنے والا ، تزکیہ نفس میں سب سے مؤثر، باطن کی صفائی میں سب سے قوی، خیالات کو نفس کی خباثت سے سب سے زیادہ دور کرنے والا اور شیطان کو سب سے زیادہ دفع کرنے والا ہے۔ (ملاحظہ ہو: تحفۃ الأحوذي ۹؍۲۲۹)۔