کتاب: اذکار نافعہ - صفحہ 88
۶۔ وسوسہ دور کرنے والے اذکار: ا: تعوّذ اور بائیں جانب تین بار تھوکنا: امام مسلم نے حضرت عثمان بن ابی العاص رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے، کہ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا: ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! یقینا شیطان میرے اور میری نماز اور میری قرأ ت کے درمیان حائل ہو چکا ہے [1]اور وہ مجھے شک میں مبتلا کر دیتا ہے۔‘‘ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ یہ خِنزب نامی شیطان ہے ۔ جب تم اس [کی شرارت] کو محسوس کرو ، تو اللہ تعالیٰ سے پناہ طلب کرو [2] اور اپنی بائیں طرف تین دفعہ تھوک دو۔‘‘ انہوں نے بیان کیا :’’ تو میں نے ایسے ہی کیا ، تو اللہ تعالیٰ نے اسے مجھ سے دور فرما دیا۔‘‘[3] ب: [آمَنْتُ بِاللّٰہِ وَرَسُوْلِہ] کہنا: امام احمد نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت نقل کی ہے ،کہ یقینا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ یقینا تم میں سے ایک کے ہاں شیطان آکر کہتا ہے:’’تمہیں کس نے پیدا کیا ہے؟‘‘
[1] یعنی وہ مجھے نماز اور قرأت کی لذت اور نماز میں خشوع سے محروم کر رہا ہے۔(ملاحظہ ہو: شرح النووي ۱۴؍۱۹۰)۔ [2] یعنی [أَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْمِ ] پڑھو۔ [3] صحیح مسلم، کتاب السلام،باب التعوذ من شیطان الوسوسۃ في الصلاۃ، رقم الحدیث ۶۸۔(۲۲۰۳)،۴؍۱۷۲۸۔۱۷۲۹۔