کتاب: اذکار نافعہ - صفحہ 22
متعدد ثمرات اور فوائد بیان فرمائے ہیں۔ علاوہ ازیں قرآن و سنت میں کئی ایک مخصوص اذکار اور دعائیں اور ان کے فیوض و برکات بیان کیے گئے ہیں۔ اس کتاب میں ذکرِ الٰہی اور مخصوص اذکار اور دعاؤں کے قرآن و سنت میں بیان کردہ دنیوی اور اُخروی فوائد جمع کرنے کی توفیقِ الٰہی سے عاجزانہ کوشش کی گئی ہے ، کہ شاید اللہ کریم مجھ ناکارے اور قارئین کرام کو ان سے فیض یاب ہونے والے خوش نصیب لوگوں میں شامل فرما دیں۔ وَمَا ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ بِعَزِیْزٍ۔[1] کتاب کی تیاری میں پیشِ نظر باتیں: توفیقِ الٰہی سے درجِ ذیل باتوں کے اہتمام کی کوشش کی گئی ہے: ۱: کتاب کے لیے بنیادی معلومات قرآن و سنت سے حاصل کی گئی ہیں۔ ۲: احادیث شریفہ عام طور پر ان کے اصلی مآخذ و مراجع سے نقل کی گئی ہیں۔ ۳: صحیحین کے علاوہ دیگر کتب حدیث سے نقل کردہ احادیث کے متعلق علمائے حدیث کے اقوال پیش کیے گئے ہیں۔ صحیحین کی احادیث کی صحت پر اجماع اُمت کے پیش نظر ان کے متعلق اہلِ علم کے اقوال ذکر نہیں کیے گئے۔[2] ۴: کتاب کے آخر میں مصادر و مراجع کے متعلق تفصیلی معلومات درج کر دی گئی ہیں۔ کتاب کا خاکہ: اللہ کریم کی توفیق سے کتاب کو درج ذیل تیرہ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے: ۱: فضائلِ ذکر۔ ۲: قرآن کریم اور بعض سورتوں اور آیات کے فضائل۔
[1] اورایسا کرنا اللہ تعالیٰ پر مشکل نہیں۔ [2] تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو: مقدمۃ النووي لشرحہ علی صحیح مسلم ص۱۴؛ ونزھۃ النظر في توضیح نخبۃ الفکر للحافظ ابن حجر ص۲۹۔