کتاب: اذکار نافعہ - صفحہ 176
۴۱: جنت کی اپنے طالب اور جہنم کی پناہ مانگنے والے کے لیے شفاعت:
امام نسائی نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے ،کہ انہوں نے بیان کیا ،کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
’’جو شخص تین مرتبہ اللہ تعالیٰ سے جنت کا سوال کرے ، تو جنت کہتی ہے: ’’اے اللہ! اسے جنت میں داخل فرمائیے۔‘‘
اور جو شخص تین دفعہ [اللہ تعالیٰ سے] دوزخ سے پناہ مانگے ، تو دوزخ کہتی ہے: ’’اے اللہ اسے دوزخ سے پناہ دیجیے۔‘‘[1]
۴۲: ابتلا سے بچانے والی دعا:
امام احمد اور امام ابن حبان نے حضرت بسر بن ارطاۃ قرشی رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے، کہ انہوں نے بیان کیا ،کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو [یہ] دعا پڑھتے ہوئے سنا:
[اَللّٰھُمَّ أَحْسِنْ عَاقِبَتَنَا فِيْ الْأُمُوْرِ کُلِّھَا، وَأَجِرْنَا مِنْ خِزْيِ الدُّنْیَا وَعَذَابِ الْآخِرَۃِ۔][2]
اور امام طبرانی کی روایت میں راوی نے یہ اضافہ بھی نقل کیا ہے :’’اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’جس شخص کی یہ دعا ہوئی، وہ آزمائش کے آنے سے پہلے فوت ہو جائے گا۔‘‘[3]
[1] سنن النسائي ، کتاب الاستعاذۃ، الاستعاذۃ من حرّ النار، ۸؍۲۷۹۔ شیخ البانی نے اسے [صحیح] قرار دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: صحیح سنن النسائي ۳؍۱۱۲۱)۔
[2] [ترجمہ: ’’اے اللہ! تمام معاملات میں ہمارا انجام اچھا فرمائیے اور ہمیں دنیا کی رسوائی اور آخرت کے عذاب سے بچائیے۔‘‘]
[3] منقول از: مجمع الزوائد ، کتاب الأدعیۃ،باب الأدعیۃ المأثورۃ عن رسول اللہ صلي الله عليه وسلم دعا بھا وعلمھا ، ۱۰؍۱۷۸۔ حافظ ہیثمی اس کے متعلق تحریر کرتے ہیں:’’احمد اور طبرانی کی ایک سند کے روایت کرنے والے[ثقہ] ہیں۔‘‘ (المرجع السابق ۱۰؍۱۷۸)۔