کتاب: اذکار نافعہ - صفحہ 144
۵: کھانے کے بعد گناہ معاف کروانے والی دعا:
امام ترمذی اور امام ابن ماجہ نے حضرت معاذ بن انس جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے ،کہ انہوں نے بیان کیا ،کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
’’جس شخص نے کھانا کھایا اور کہا:
[اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِيْ أَطْعَمَنِي ھٰذَا، وَرَزَقَنِیْہِ مِنْ غَیْرِ حَوْلٍ مِّنِّيْ وَلَا قُوَّۃٍ] [1]
تو اس کے گزشتہ گناہ معاف کر دیے گئے۔‘‘[2]
۶: کھانے پینے کے بعد حمد پر اللہ تعالیٰ کا راضی ہونا:
امام مسلم نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے ،کہ انہوں نے بیان کیا:’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’بلاشبہ اللہ تعالیٰ اس بندے پر خوش ہوتے ہیں ،کہ وہ ایک مرتبہ کھانا کھاتا ہے، تو ان کی حمد کرتا ہے، ایک مرتبہ پیتا ہے ،تو ان کی حمد کرتا ہے۔‘‘[3]
[1] ترجمہ: ’’ ہر قسم کی تعریف اللہ تعالیٰ کے لیے ،جنہوں نے مجھے یہ [کھانا] کھلایا اور مجھے بغیر میری کسی طاقت کے اور بغیر میری کسی قوت کے عطا فرمایا۔‘‘
[2] جامع الترمذي،أبواب الدعوات عن رسول اللہ صلي الله عليه وسلم ، باب ما یقول إذا فرغ من الطعام ، رقم الحدیث ۳۶۸۷، ۹؍۲۹۹ ؛وسنن ابن ماجہ ، أبواب الأطعمۃ ، باب ما یقال إذا فرغ من الطعام ، رقم الحدیث ۳۳۲۸، ۲؍۲۳۷۔ امام ترمذی اور شیخ البانی نے اسے [حسن] قرار دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: جامع الترمذي ۹؍۲۹۹؛ وصحیح سنن الترمذي ۳؍۱۵۹)۔
[3] صحیح مسلم ، کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ والاستغفار، باب استحباب حمد اللّٰہ تعالیٰ بعد الأکل والشرب، رقم الحدیث ۸۹- (۲۷۳۴)، ۴؍۲۰۹۵۔