کتاب: اذکار نافعہ - صفحہ 142
(۱۳) متفرق اذکارکے فضائل ۱: سلام کے ساتھ گھر میں داخلے پر اللہ تعالیٰ کا ضامن ہونا: امام ابوداؤدنے حضرت ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنہ کے حوالے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت نقل کی ہے ،کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تین [اقسام کے لوگ] ان سب کے ضامن اللہ تعالیٰ ہیں…اسی حدیث میں ہے… اور گھر میں سلام کہہ کر داخل ہونے والے شخص کے ضامن اللہ عزوجل ہیں۔‘‘[1] ۲: جائے قیام میں ہر چیز کے ضرر سے بچانے والی دعا: امام مسلم نے حضرت خولہ بنت حکیم سُلمِیَّہ رضی اللہ عنہا سے روایت نقل کی ہے ،کہ انہوں نے بیان کیا :’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ’’جو شخص کسی جگہ اُترے، پھر [یہ دعا] پڑھے: [أَعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّآمَّاتِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ] [2] تو اسے اس جگہ سے کوچ کرنے تک کوئی چیز بھی ضرر نہ پہنچائے گی۔‘‘[3]
[1] سنن أبي داود،کتاب الجہاد،باب فضل الغزو في البحر، جزء من رقم الحدیث ۲۴۹۱، ۷؍۱۲۳۔ شیخ البانی نے اسے [صحیح] قرار دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: صحیح سنن أبي داود ۲؍۲۷۳)۔ [2] [ترجمہ: ’’ میں اللہ تعالیٰ کے کامل [التاثیر] کلمات کے ساتھ مخلوق کے شر سے پناہ طلب کرتا ہوں‘‘] [3] صحیح مسلم ، کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ والاستغفار،باب فيْ التعوّذ من سوء القضاء ودرک الشقاء وغیرہ، رقم الحدیث ۵۴۔(۲۷۰۸)، ۴؍۲۰۸۰۔۲۰۸۱۔