کتاب: عظیم اہل بیت رضی اللہ عنہم اجمعین - صفحہ 33
’’اللہ اور اس کے فرشتے پیغمبر پر درود بھیجتے ہیں ۔ مومنو! تم بھی ان پر درود اور سلام بھیجا کرو۔‘‘ یہ آیت جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی زبردست منقبت اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا بلند ترین درجہ اور رتبہ ومرتبہ بیان کرتی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر یہ درود کیسے بھیجا جائے اس کا طریقہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُمت کو خود تعلیم فرما دیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آلِ پر درود و تبعاً آجاتا ہے۔ چنانچہ صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی روایت ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے درود پڑھنے کا طریقہ دریافت کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ارشاد فرمایا: تم (مجھ پر درود بھیجنے کے لیے یوں ) کہو: ((اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلَی مُحَمَّدٍ وَعَلَی آلِ مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلَی اِبْرَاہِیْمَ وَعَلَی آلِ اِبْرَاہِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ۔ اَللّٰہُمَّ بَارِکْ عَلَی مُحَمَّدٍ وَعَلَی آلِ مُحَمَّدٍ کَمَا بَارَکْتَ عَلَی اِبْرَاہِیْمَ وَعَلَی آلِ اِبْرَاہِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَجِیْدٌ)) [1] ’’اے اللہ! درود بھیج محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) پر محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی آل پر جس طرح کہ آپ نے درود بھیجا ابراہیم( علیہ السلام ) پر اور ابراہیم( علیہ السلام ) کی آلِ پر بے شک تو سزاوار حمد و ستائش اور بزرگوار ہے۔ اے اللہ! برکت نازل فرما محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) پر اور محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی آل پر جس طرح برکت نازل فرمائی آپ نے ابراہیم( علیہ السلام ) پر اور ابراہیم( علیہ السلام ) کی آل پر۔ بے شک تو لائق تعریف اور بزرگوار ہے۔‘‘ امام شافعی رحمہ اللہ حضرات اہل بیت کی خدمت میں ان الفاظ کے ساتھ اپنا نذرانۂ عقیدت پیش کرتے ہیں : یَا اَہْل بَیْتِ رَسُوْلِ اللّٰہِ حُبُّکُمْ فَرْضٌ مِنَ اللّٰہِ فِی الْقُرْآنِ اَنْزَلَہٗ
[1] متفق علیہ (البخاری، رقم: ۳۱۹۔ ومسلم، رقم: ۴۰۶) من حدیث کعب بن عجرۃ رضی اللّٰه عنہ ۔