کتاب: عظیم اہل بیت رضی اللہ عنہم اجمعین - صفحہ 24
بیان کریں گے پھر اہل بیت کی شخصیات کی سیرت کو نوکِ قلم کریں گے اور اس کا آغاز ہم نبی کریم جناب رسالت مآب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک تذکرے سے کریں گے جو خاندانِ اہل بیت کے سردار ہیں ۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے بڑے انسان ہیں اور درحقیقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر مسلمان کے لیے باعث فخر ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وہ انسان ہیں جن کی زندگی کی خود خالق پروردگار نے قسمیں کھائیں ہیں بھلا اس سے بڑھ کر اور کیا شرف و عظمت ہوسکتی ہے۔ بے شک اس سے زیادہ بلند مقام اور بے پناہ وجاہت کا تصور ممکن نہیں ۔ چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿ لَعَمْرُكَ إِنَّهُمْ لَفِي سَكْرَتِهِمْ يَعْمَهُونَ ﴾ (الحجر: ۷۲)
’’(اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم !) تمہاری زندگی کی قسم! وہ اپنی مستی میں مدہوش (ہو رہے) تھے۔‘‘
سیّدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ اس آیت کی تفسیر میں بیان فرماتے ہیں :
’’رب تعالیٰ نے جس جان کو بھی پیدا کیا ہے۔‘‘ اس کو وجود بخشا ہے، اس کو تخلیق کیا ہے اس پر جنابِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی برکت سے احسان کیا ہے اور آپ کے وسیلہ سے اس کی عزت افزائی کی ہے۔ میں نے رب تعالیٰ کو سوائے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کسی کی بھی زندگی کی قسم اٹھاتے نہیں سنا۔‘‘ [1]
سبحان اللہ! یہ کیسی عظیم بلندی ہے، یہ کس قدر بلند عزت افزائی ہے اور یہ کیسی عظمت وبزرگی ہے!!!
خَلَقَ الْاِلٰہُ الْعَالَمِیْنَ وَزَانَہُمْ
بِمُحَمَّدٍ خَیْرِ الْبَرِیَّۃِ دِیْنًا
یَکْفِیْہِ اَنْ خَلَقَ الْاِلٰہُ بِعُمْرِہٖ
شَرْفًا وَمَکَّنَ دِیْنَہٗ تَمْکِیْنًا
[1] رواہ ابن جریر الطبری: ۷/۵۲۶۔