کتاب: عورت کا لباس - صفحہ 177
افضل ترین اخلاق کے زیور سے آراستہ ہو،یہی چیزیں عفت وحیاء کاعنوان ہیں،اور پردہ ووقار کا بہترین نمونہ۔ مثالی عورت وہ ہے جو اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کو اپنی عزت کاراستہ قراردے،اور اپنے دین کے شعائر اور پروردگار کی عبادت پرقائم رہے،اپنے اوپر اپنے رب کے حقوق پہنچانتی ہواور اس کی حدود سے تجاوز اختیار نہ کرتی ہو، نہ اللہ تعالیٰ کے فرائض ضائع کرنے والی ہو اور نہ اس کی حرام کردہ اشیاء کا ارتکاب کرنے والی ہو،اپنی بلندکرداری اور دینی قوت کے سامنے ہراس عورت کو مکھی کی طرح حقیر سمجھے جو دورِ حاضر کے عریاں اور فیشن زدہ لباس کے فتنے میں گرفتا ر ہو۔ مثالی عورت وہ ہے جو اپنے کاندھوں پر یہ ذمہ داری ڈالے رکھے کہ اپنے دین اور اپنی فکر کو عصرحاضرکی ملعون دعوتوںسے محفوظ رکھنا ہے،یہ وہ عظیم عورت ہے جو فکری نجاستوں اور مغرب سے اٹھنے والے پرفتن جھونکوں سے مسلسل عافیت میں رہتی ہے،یہ ایک بہادرخاتون ہے ،جسے بُری سوچ کی حامل خواتین نہ تو اپنی طرف مائل کرسکتی ہیں نہ کسی صورت اس پر مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں، ان بُری خواتین کے ہروسوسے اور طعنےجنہیں ان کی قے ہی کہاجاسکتا ہے کواپنے قدموں تلے روندڈالتی ہے۔