کتاب: اولیاء حق و باطل - صفحہ 17
الہامات ، دجل و فریب اور جادوگری کے نام پرکرامت کادعویٰ کرنے والے شیطانی اولیاء کی اصل حقیقت بے نقاب کرتی ہے اور یہ وضاحت کرتی ہے کہ کرامت کااصل معیار ولایت الہی ہے اور ولایت الٰہی کامعیارتقویٰ ہے۔
چونکہ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کے دور میں اس قسم کی چیزیں بکثرت وقوع پذیرتھیں ، جھوٹی ولایت اور جعلی کرامتوں کارواج عام تھا ، اس لیے آپ نے خالص کتاب وسنت کی روشنی میں اس موضوع پرقلم اٹھاکر امت مسلمہ کی صحیح رہنمائی فرمائی۔
اس دور میں بھی ہمارے درمیان ایک ایساطبقہ موجود ہے جوعوام کے دلوں کی باتیں جانے کادعویٰ کرتاہے ، پیری ومریدی کے نام پرلوگوں کی جیبوں پرڈاکہ ڈالتاہے ، دجل وفریب کواپنی کرامت شمارکرتاہے اور بھولے بھالے عوام کودین اسلام کی حقیقی تعلیمات سے دوررکھتاہے۔ اس واسطے اس دور میں بھی اس کتاب کی اہمیت ابن تیمیہ رحمہ اللہ کے عہد سے کسی طرح کم نہیں۔
کتاب الفرقان …کا اجمالی تعارف:
کتاب کامحقق نسخہ چودہ فصلوں پرمشتمل ہے ، کتاب کابنیادی موضوع اس کے نام سے ظاہر ہے ، اس میں یہ موضوع تفصیل سے چھیڑاگیاہے ، کہ اولیاء رحمان اور اولیاء شیطان میں کیسے فرق کیاجاسکتاہے اور یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ یہ کتاب تین بڑے اہم مباحث پر مشتمل ہے ، ولایت ، خوارق عادت اور جن وانس کے تعلقات۔
مصنف رحمۃ اللہ علیہ نے ولایت کی وضاحت کرتے ہوئے بتایاہے کہ ولایت کی دوقسمیں ہیں:
۱۔ ولایت رحمانی ۲۔ ولایت شیطانی۔
اﷲ تعالیٰ کی ولایت ایمان وتقویٰ اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع سے حاصل ہوتی ہے اور اولیاء اﷲ کااعتبار ان کے حالات وکرداراور کتاب وسنت میں وارد ان کے اوصاف سے ہوتاہے ، انہیں ایمان وقرآن کے نور سے ، ایمان کے باطنی حقائق اور اسلام کے ظاہری شرائع سے پہچاناجاتاہے۔