کتاب: اولیاء حق و باطل - صفحہ 11
تاثرات
فضیلۃ الشیخ مولانامختاراحمد صاحب ندوی حفظہ اللہ
مدیر الجامعۃ المحمدیۃ منصورہ وسابق امیر مرکزي جمعیت اہل حدیث ہند
ہمارے عزیز مولاناانصارزبیرمحمدی سلمہ اﷲ نے شیخ الاسلام علامہ ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی معروف اور معرکۃ الآراء کتاب ’’ا لفرقان بین أولیاء الرحمن و اولیاء الشیطان‘‘ کا ’’اولیاء حق وباطل‘‘ کے نام سے سلیس اور آسان ترجمہ کیاہے ، اور حقیقت یہ ہے کہ آں عزیز نے اس جامع اور اہم کتاب کے ترجمہ کاحق اداکردیاہے۔
علامہ ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی یہ کتاب حق وباطل کے معرکے میں حق کی دلیل وحجت کاکام دیتی ہے ، اس کتاب کااصل موضوع اولیاء الرحمن کے حقیقی اوصاف ، ان کے درجات ، ان کی محبت اور اتباع کامدلل بیان ہے ، ساتھ ہی جھوٹے مکارصوفیوں اور نام نہاد ولیوں کے کذب وافتراکاپردہ فاش کیاہے اور اولیاء واقطاب اور ابدال کے بارے میں منکراور موضوع احادیث کادلائل کے ساتھ ابطال کیاہے۔
ولایت اور تصوف کاحقیقی شرعی مفہوم نہایت دلنشین اندازمیں کتاب وسنت کے دلائل کے ساتھ بیان کیاہے اور اس غلط فہمی کاازالہ کیاہے کہ ائمہ مجتہدین ومحدثین کرام اور سلف صالح کی جماعت نے صوفیاء اور اولیاء کابالکل انکارکیاہے ، ایساہرگزنہیں بلکہ اسلامی تاریخ میں مصلحین امت کی جوجماعت ابتداء سے مشہور ہے جیسے صحابہ کرام ، تابعین وتبع تابعین ، محدثین ، مجددین امت سب کے سب اﷲ کے ولی بندے تھے ، علامہ ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی اس اہم کتاب میں نہیں ربانی ، روحانی ، اﷲ کے دوست اور ولی بندوں میں شامل فرماکر ان کی اتباع کی دعوت دی ہے اور فضیل بن عیاض ، حسن بصری ، امام احمد بن حنبل ، امام بخاری