کتاب: اولاد کی اسلامی تربیت - صفحہ 22
احادیث پر اعراب بھی لگا دیا گیا ہے، اس کے باوجود کتاب میں بے شمار کوتاہیوں کے امکان کا اقرار ہے،قارئین سے مؤدبانہ التماس ہے کہ وہ اسطرح کے ملاحظات سے احقر کو مطلع فرما کر مشکور ہوں، تاکہ آئندہ اشاعت میں ان پر غور کیا جائے۔ اﷲ تعالیٰ کا بے حد شکر واحسان ہے کہ اس نے اس کتاب کو شرفِ قبولیت سے نوازا، اس کا پہلا ایڈیشن تین ہزار کی تعداد میں کویت میں شائع ہوا،جو صرف تین چار ماہ کی قلیل مدت میں ہاتھوں ہاتھ نکل گیا، کئی احباب نے اس کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کرنے کی اجازت چاہی ہے، ہندی اور تلگو زبانوں میں بھی اس کا ترجمہ شائع ہوچکا ہے، نیز یہ کتاب پاکستان میں بھی مکتبہ قدوسیہ لاہورسے اور محترم ڈاکٹر محمد لقمان السلفی حفظہ اللہ کی توجہ سے سعودیہ میں بھی کئی بار چھپ چکی ہے.ہندوستان میں کئی احباب نے بغیر اجازت کے ہی شائع کردیا ہے اور اب جمعیۃ خیر التقنیہ ڈومریا گنج کے ذمہ داراحباب اسے اپنے مؤقرادارے سے باقاعدہ مؤلف کی اجازت کے ساتھ شائع کررہے ہیں۔اور یہ ایڈیشن سابقہ ایڈیشنوں سے اسلئے ممتازہے کہ کتاب کا از اول تا آخر مراجعہ کیا گیااور احادیث کی تخریج کی گئی ہے۔ اﷲ تعالیٰ مؤلف معاونین اور ہر جگہ کے ناشرین کی اس حقیر خدمت کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو عام مسلمانوں بالخصوص نئی نسل کیلئے باعثِ رُشد وہدایت بنائے۔ ربّنا تقبّل منّا إنّک أنت السمیع العلیم ٭ وتب علینا إنّک أنت التّوّاب الرّحیم وصلّی اللّٰہ وسلّم علی نبیّنا محمد وعلی آلہ وأصحابہ وأزواجہ وأھل بیتہ أجمعین ومن تبعھم بإحسان إلی یوم الدین۔ محمد انور محمدقاسم السّلفی ۵؍ جمادی الأول ۱۴۳۴ ؁ ھ مطابق 18۔03۔2013