کتاب: اولاد کی اسلامی تربیت - صفحہ 14
کتابیں شائع ہوئیں اور قبولِ عام حاصل کیں، جب میں کویت پہنچا تو موصوف سے دریافت کیا کہ اب تصنیف وتالیف کے میدان میں کیا کام انجام دے رہے ہیں ؟تو موصوف نے بتلایا کہ" اولاد کی اسلامی تربیت "پر ایک کتاب لکھ رہا ہوں، اور اس کا کافی حصّہ تیار ہوچکا ہے، موصوف نے کمپیوٹرسے چند صفحات نکال کر پڑھنے کے لئے پیش کئے، میں نے دیکھا کہ اس کی تیاری میں انہوں نے بہت محنت کی ہے، تربیت کے میدان میں جزئیات کا بھی احاطہ کیا ہے، میں نے ان کے اس کام کی تحسین کی اور اس سلسلے میں چند اور کتابیں جو میرے ذہن میں تھیں ان کا ذکر کیا، عزیز موصوف کو ان کتابوں سے بھی استفادہ کی خواہش ہوئی، چنانچہ میں نے وہ کتابیں بھیجیں، حقیقت یہ ہے کہ میری روانہ کردہ کتابوں میں وہ کچھ نہیں تھا، جو مولانا محمد انور سلفی صاحب کی کتاب میں تھا۔
میں نے اس کتاب کو حرفًا حرفًا پڑھا ہے، اور اس سے میں خود بہت مستفید ہوا ہوں بڑی عرق ریزی سے کتاب لکھی گئی ہے، جہاں تک اس کتاب میں مذکور احادیث کا تعلق ہے، ان میں سے کچھ حدیثیں ضعیف[1]ہیں، چونکہ کچھ اہلِ علم نے ان کو حسن قرار دیا ہے، یا اس کے ضعف کو ردّ حدیث کے لئے کافی نہیں سمجھا اس لئے ان احادیث کو جناب مولانا انور صاحب نے اپنی کتاب میں جگہ دی ہے، بہتر ہوتا ان کی تخریج ہوجاتی، مگر ابھی اردو کتابوں میں اس کا زیادہ رواج نہیں ہے،
[1] شیخِ محترم نے جن احادیث کے ضعف کا اشارہ فرمایا ہے وہ تمام احادیث کتاب سے خارج کردی گئی ہیں ، إلاّ یہ کہ وہ حدیث مختلف طرق کی وجہ سے حسن کے درجہ تک پہنچتی ہو ، یا اس کے مفہوم کی تائید کسی صحیح حدیث سے ہوتی ہو۔( مؤلف )