کتاب: اولاد کی اسلامی تربیت - صفحہ 130
کیونکہ"اعمال کا دار ومدار نیتوں پر ہے"(متفق علیہ ) نیز زبان سے نیت کرنا کہ" اتنی رکعت نماز ِ فرض،اﷲ تعالیٰ کیلئے، فلان کے پیچھے،منہ طرف قبلہ کے" وغیرہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے کسی صحابی اور فقہائے کرام سے ثابت نہیں ہے بلکہ یہ بدعت ہے۔ (3) تکبیرِ تحریمہ =دل میں نماز کی نیت کرکے"اَللّٰہ اَکْبَر" کہتے ہوئے دونوں ہاتھوں کو کندھوں کے برابر یا کانوں کی لو کے برابرتک اس طرح اٹھائیں کہ ہاتھوں کی انگلیاں کھلی ہوئی ہوں اور ہتھیلیاں قبلہ رُخ ہوں۔ (4) سینہ پر ہاتھ باندھنا =نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تکبیرِ تحریمہ کے بعد دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ کے اوپر اس طرح رکھتے کہ ایک ہاتھ کا جوڑ دوسرے کے جوڑ پر ہوتا اور انہیں سینہء مبارک پر رکھتے جیسا کہ صحیح ابنِ خزیمہ میں ہے : "کَانَ یَضَعُھُمَا عَلَی الصَّدْرِ " نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم اپنے ہاتھ مبارک سینہء اطہر پر باندھتے تھے۔ (5)دعائے استفتاح =نمازی سینہ پر ہاتھ باندھ کر سب سے پہلے دعائے استفتاح یا ثناء پڑھے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مندرجہ ذیل دعا پڑھا کرتے تھے: 1)اَللّٰہُمَّ بَاعِدْ بَیْنِیْ وَبَیْنَ خَطَایَایَ کَمَا بَاعَدْتَّ بَیْنَ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبْ اَللّٰہُمَّ نَقِّنِیْ مِنْ الْخَطَایَاکَمَا یُنَقَّی الثَّوْبُ الاَبْیَضُ مِنَ الدَّنَسِ اَللّٰہُمَّ اغْسِلْ خَطَایَایَ بِالْمَائِ وَالثَّلْجِ وَالْبَرْدِ(بخاری :744) ترجمہ :اے اللہ!میرے اور میرے گناہوں کے درمیان دوری ڈال دے، جس طرح تو نے مشرق اور مغرب میں دوری ڈالی ہے۔ اے اﷲ !مجھے گناہوں سے ایسا پاک کردے جس طرح سفید کپڑامیل سے پاک کیا جاتا ہے اے اﷲ میرے گناہ پانی،برف اور اولوں سے دھودے۔