کتاب: اولاد کی اسلامی تربیت - صفحہ 13
کہ انکی بھی تربیت ایسی ہی ہوتی ہے، اور کچھ لوگ وہ ہیں جو انگریزی یا اردو تعلیم یافتہ ہیں وہ کچھ پڑھنا سیکھنا چاہتے ہیں تو ان کے سامنے مجبوری ہے کہ ان زبانوں میں کتابیں بہت کم ہیں، اس لئے باپ دادا کی روایات پر عمل ہی کو اسلام سمجھتے ہیں۔ دینی حلقوں میں اس کمی کو شدّت سے محسوس کیا گیا اور ماہرینِ تربیت نے اسلامی آداب واحکام کو مد نظر رکھ کر اسلامی تربیت کے موضوع پر اردو میں بھی کتابیں مرتب کیں، عربی میں تو تربیت کے اصول قرآن اور حدیث ہی میں ہیں، ان کو کسی قدر شرح وبسط کے ساتھ لوگوں نے کتابی شکل میں شائع کیا، ان کتابوں کا ترجمہ اردو میں کچھ لوگوں نے کیا اور کچھ لوگوں نے ان تعلیمات کو مدّ نظر رکھ کر اردو میں مستقل کتابیں لکھیں۔ پچھلے سال( 2002میں) مجھے کویت جانے کا اتفاق ہوا، ہمارے عزیز شاگرد جناب مولانا محمد انور سلفی صاحب وفقہ اﷲ وسلّمہ کی کرم فرمائی تھی کہ لاکھ عذر ومعذرت کے باوجود کویت بلا ہی لیا، اﷲ تعالیٰ انہیں جزائے خیر دے۔ میں نے دیکھا کہ ان کی زندگی بڑی مصروف زندگی ہے، ان ساری مصروفیات کے ساتھ ساتھ خدمتِ خلق اور تصنیف وتالیف کا بھی ذوق رکھتے ہیں، اور اس کے لئے وقت نکال لیتے ہیں، کبھی کبھی تو رات بھر میں دو تین گھنٹے ہی آرام کرپاتے ہیں، پھر چاق وچوبند ہوکر دفتر کا رُخ کرتے ہیں. میں جب جامعہ محمدیہ منصورہ مالیگاؤں میں ( شیخ الجامعہ ) تھا، تو موصوف بھی وہاں تدریسی فرائض انجام دیتے تھے اور ماہنامہ صوت الحق میں مضامین لکھتے تھے جو بہت پسند کئے گئے، پھر اس کے بعد کویت پہنچ کر کچھ معیاری عربی کتابوں کا ترجمہ کیا، یہ