کتاب: اسماء اللہ الحسنٰی قواعد معارف اور ایمانی ثمرات - صفحہ 7
یہ رحمت ہی ہے، کہ بعض بندوں کو بعض بندوں سے زیادہ مختص بنا دیتی ہے۔
۳:… ﴿یَخْتَصُّ بِرَحْمَتِہٖ مَنْ یَّشَآئُ﴾ (آل عمران: ۷۴)
’’وہ اپنی رحمت کے ساتھ جسے چاہے مخصوص کرے۔‘‘
یہ رحمت ہی ہے، جس کی قدر و قیمت دنیا کے جملہ ذخائر و دفائن سے بڑھ کر ہے۔
۴:… ﴿وَ رَبُّنَا الرَّحْمٰنُ الْمُسْتَعَانُ﴾ (الانبیاء: ۱۱۲)
’’اور ہمارا رب بڑا مہربان ہے، جس سے مدد طلب کی جاتی ہے۔‘‘
یہ رحمن ہی ہے، جس کی خشیت و ادب کا ہمارے قلوب میں ہونا جزوِ ایمان ہے۔
۵:… ﴿مَنْ خَشِیَ الرَّحْمٰنَ بِالْغَیْبِ﴾ (قٓ: ۲۳)
’’جو رحمن کا غائبانہ خوف رکھتا ہو۔‘‘
۶:… ﴿اَلرَّحْمٰنُ عَلَّمَ الْقُرْاٰنَ خَلَقَ الْاِِنسَانَ عَلَّمَہُ الْبَیَانَ﴾ (الرحمن: ۱-۴)
’’رحمن نے قرآن سکھایا، اس نے انسان کو پیدا کیا اور اسے بولنا سکھایا۔‘‘
یہ رحمن ہی ہے، جس کے سامنے تمام مخلوق کی حیثیت ایک غلام، ایک بندہ، ایک مرزوق، ایک مربوب کی ہے۔
۷:… ﴿اِنْ کُلُّ مَنْ فِی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ اِلَّآ اٰتِی الرَّحْمٰنِ عَبْدًا﴾ (مریم: ۹۳)
’’آسمان و زمین میں جو بھی ہے، سب کے سب رحمن کے غلام بن کر ہی آنے والے ہیں ۔‘‘
یہ رحمن ہی ہے، کہ اس کے ہاں عاجز بندوں کے لیے محبت و داد کا لا انتہا خزانہ موجود ہے۔
۸:… ﴿سَیَجْعَلُ لَہُمُ الرَّحْمٰنُ وُدًّا﴾ (مریم: ۹۶)
’’ایمان لانے اور نیک عمل کرنے والوں کے لیے رحمن محبت پیدا کر دے گا۔‘‘