کتاب: اسماء اللہ الحسنٰی قواعد معارف اور ایمانی ثمرات - صفحہ 28
فَتَّاح وہی ہے، جو اہلِ حق و باطل کے درمیان فیصلہ فرماتا ہے۔ فَتَّاح وہی ہے، جو صادقین سے صدق کو ظاہر کرتا ہے، کاذبین کی اصلیت کو سب پر کھول دیتا ہے۔ اہلِ ایمان کو اسی کی ذاتِ مقدس سے کشائشِ ظاہری و باطنی کی امید رکھنی چاہیے۔ اس اسم کے ساتھ تعلق کا طریق یہ ہے کہ اہلِ حاجات کی اعانت میں ہمدردی کے ساتھ حصہ لیا کرے۔ اس اسم کے تحت میں یہ دعا یاد رکھنی چاہیے۔ ((اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ فَوَاتِحَ الْخَیْرِ وَ خَوَاتِمَہٗ وَ جَوَامِعَہٗ وَ کَوَامِلَہٗ وَ اَوَّلَہٗ وَ اٰخِرَہٗ وَ ظَاہِرَہٗ وَ بَاطِنَہٗ وَ الدَّرَجَاتِ الْعُلٰی مِنَ الْجَنَّۃِ)) (آمین) ’’یا اللہ میں تجھ سے نیکی و بہبود کی تمام قسموں ، شروع کی اور خاتمہ کی ہر طرح سے جامع، ہر طرح سے کامل، پہلی اور پچھلی، بیرونی اور اندرونی کا سوال کرتا ہوں ۔ میں جنت کے درجات بلند کا بھی تجھ سے سوالی ہوں ۔ اے اللہ یہ سب مجھے عطا فرما۔‘‘ اَلْعَلِیْمُ ’’بہت وسیع علم والا‘‘ اللہ تعالیٰ کے نہایت مشہور اسماء میں سے ہے۔ علم سے علیم بنا ہے۔ روایت ترمذی میں تو علم سے مشتق صرف یہی نام آیا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کے لیے عالم بھی آیا ہے۔ ﴿وَ کُنَّا بِکُلِّ شَیْئٍ عَالِمِیْنَ﴾ ’’ہم ہر شے کو جانتے ہیں ۔‘‘ ﴿اَللّٰہُ اَعْلَمُ حَیْثُ یَجْعَلُ رِسٰلَتَہٗ﴾ ’’اللہ خوب جانتا ہے جہاں اپنی رسالت کو قائم کرتا ہے۔‘‘