کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 8
6۔القدوس
پاک
ہر قسم کے عیوب و نقائص سے پاک ۔ کیونکہ وہ جلال اور کمال کی صفات کا حامل ہے۔
قرآن مجید میں یہ نام 2 مرتبہ آیا ہے۔
﴿ الْمَلِكِ الْقُدُّوْسِ الْعَزِيْزِ الْحَكِيْمِ﴾
وہ بادشاہ ، انتہائی مقدس ، غالب اور حکمت والا ہے۔ (الجمعہ :1)
7۔السلام
سلامتی والا
وہ ذات جو ذاتی، صفاتی ، عملی کمال کی وجہ سے ہر قسم کے عیوب و نقائص سے سلامتی والا ہے، وہ ساری مخلوقات کو سلامتی عطا فرماتا ہے۔
قرآن مجید میں یہ نام ایک مرتبہ آیا ہے۔
﴿ اَلْمَلِكُ الْقُدُّوْسُ السَّلٰمُ ﴾)اللہ ہی ) بادشاہ ، انتہائی مقدس ، اور سلامتی والا ہے۔ (الحشر :23)
8۔المؤمن
امان دینے والا
وہ ذات جو اپنی وحدانیت کے دلائل سے اپنی صداقت بیان کرے، رسولوں اور ان کے پیرو کاروں کی تصدیق کرے، جو اپنے بندوں کو ظلم سے امان دے ، وہ اپنے بندوں کو ایسے احکامات دیتا ہے، جن سے دلی اطمینان اور باہمی محبت وجود میں آتی ہے، وہی لوگوں کو دنیا و آخرت میں پیش آمدہ خوف سے امان دیتا ہے۔
قرآن مجید میں یہ نام ایک بار آیا ہے ۔
﴿ الْقُدُّوْسُ السَّلٰمُ الْمُؤْمِنُ الْمُهَيْمِنُ الْعَزِيْزُ الْجَبَّارُ الْمُتَكَبِّرُ ﴾
(اللہ) انتہائی مقدس ، سراسر سلامتی ، امان دینے والا ، نگہبان ، سب پر غالب اپنا حکم بزورِ طاقت نافذ کرنے والا ، اور کبریائی والا ہے۔ (الحشر: 23)
9۔المہیمن
نگہبان
جو اپنی مخلوقات کے افعال،رزق اور زندگی کا بندوبست فرماتا ہے،وہ اپنی مخلوق کے تمام احوال سے واقف ہے ،وہی ان کی حفاظت و نگرانی اورنگہبانی کرتا ہے۔
قرآن مجید میں یہ نام صرف ایک بار آیا ہے۔
﴿السَّلٰمُ الْمُؤْمِنُ الْمُهَيْمِنُ ﴾
سراسر سلامتی،امن دینےوالا،نگہبان(الحشر:23)