کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 27
106۔الطیب
اچھا،پاک
ہر قسم کے عیوب ونقائص سے پاک،وہ خود بھی اچھا ہے اور اس کے سارے کام بھی اچھے ہیں ،اس کی صفات بہترین صفات ہیں ،اس کے نام بہترین نام ہیں ،پاک لوگوں کو پسند کرتا ہےاور پاک چیزیں ہی قبول کرتا ہے۔
قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔
ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم :إِنَّ اللهَ طَيِّبٌ لَا يَقْبَلُ إِلَّا طَيِّبًا
اے لوگو اللہ تعالیٰ پاک ہے اور پاک چیزیں ہی قبول کرتا ہے۔(مسلم:1015)
107۔المعطی
عطاکرنےوالا
اللہ ہی عطاکرنے والا ہے ، وہ جسےدینا چاہے اس سے کوئی نہیں روک سکتا اور وہ جس کو محروم کرنا چاہے اسے کوئی دےنہیں سکتا ،اس کی عطا ونوازش کی کوئی حد نہیں ۔
قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔
ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم :وَاللہَ المُعْطِي وَأَنَا القَاسِمُ
اللہ تعالیٰ دینے والا اور میں تقسیم کرنے والا ہوں ۔(بخاری:3116)
108۔الجمیل
خوبصورت، خوش نما
جس کے لیے اچھی اور احسان والی صفات ہیں ،اس کی ذات ،نام اور اس کی صفات سبھی حسین و خوبصورت ہیں ۔
قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔
ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم :إِنَّ اللهَ جَمِيلٌ يُحِبُّ الْجَمَالَ
اللہ تعالیٰ خوبصورت ہے اورخوبصورتی کو پسند کرتا ہے۔(مسلم)
109۔الالہ
معبودبرحق
وہ معبودبرحق جو عبادت کےلائق ہے،جس کےسوا پوری کائنات میں کوئی عبادت کےلائق نہیں۔
اللہ تعالیٰ کا یہ نام قرآن مجیدمیں مذکور ہے، اللہ تعالیٰ فرمان ہے:
﴿ وَإِلَهُكُمْ إِلَهٌ وَاحِدٌ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الرَّحْمَنُ الرَّحِيمُ﴾ (البقرہ: 163)
ترجمہ:"تم سب کا معبود ایک ہی معبود ہے، اس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں وہ بہت رحم کرنے والا اوربڑا مہربان ہے"۔