کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 25
98۔الجواد بے حد سخی جس کےانعامات تمام مخلوق کے لیے عام ہیں ،جس نےسب کو اپنے فضل و کرم سے ڈھانپ رکھا ہے،اس کے خاص بندوں پر اس کی نوازشیں دنیاوآخرت میں دوچندہیں ۔ قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:إِنَّ اللہَ جَوَّادٌ يُحِبُّ الْجُودَ بے شک اللہ تعالیٰ بہت سخی ہے،سخاوت کوپسند کرتا ہے۔(البزار:1114) 99۔المحسن احسان کرنےوالا ایسا فضل کرنے والا جس کی نعمتوں کا شمار ممکن نہیں ،اس نے جو چیز بھی بنائی بہترین بنائی ، اور پھر ان کی کامل رہنمائی بھی فرمائی۔قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم :إِنَّ اللہَ مُحْسِنٌ يُحِبُّ الْإِحْسَانَ ’’بے شک اللہ تعالیٰ محسن ہےاحسان کو پسند کرتا ہے‘‘۔(مصنف عبدالرزاق: 8603) 100۔الوتر منفرد، اکیلا اکیلا ،لاثانی ،جس کا کوئی ہمسر نہیں بے مثال قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے إِنَّ اللهَ وِتْرٌ، يُحِبُّ الْوِتْرَ’’اللہ تعالیٰ اکیلا ہے اور عددِ طاق کو پسند کرتا ہے‘‘( مسلم: 2677) 101۔الستیر عیب پوشی کرنے والا جو اپنے بندے کے عیوب کو چھپاتا ہے،انہیں رسوا نہیں کرتا،اسی طرح وہ اپنےبندوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ بھی اپنے عیوب کو پوشیدہ رکھیں گے اوربرائیوں سے اجتناب کریں گے۔قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ ارشادِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم :إِنَّ اللہَ عَزَّ وَجَلَّ حَيِيٌّ سِتِّيرٌ’’اللہ عزوجل بے حد حیادار،عیب پوشی کرنے والاہے‘‘۔ (ابوداؤد: 4012) 102۔السید سردار،مالک ساری مخلوقات کا مالک اور سردار،سب اس کے غلام ہیں ،اسی سے مانگتے ہیں اور اس کا حکم بجالاتے ہیں ۔قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم : ’’السَّيِّدُ اللهُ‘‘ اللہ ہی ’’سید‘‘ہے۔(احمد: 16307)