کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 24
94۔القریب قریب اپنے علم و قدرت کے ذریعے ہر ایک سے قریب،اپنی عبادت کرنے،والوں سے قریب،ان کی دعاؤں کو سننےوالا،اور ان کو قبول کرنےوالا،اور ان کو اپنی نصرت اورتائید سے نوازنےوالا۔قرآن مجید میں یہ نام 3 بار آیا ہے۔ ﴿وَاِذَا سَاَلَكَ عِبَادِيْ عَنِّىْ فَاِنِّىْ قَرِيْبٌ﴾ اور جب میرے بندے آپ سےمیرےبارے میں پوچھیں تو (انہیں بتادیجئے کہ)میں قریب ہی ہوں ۔(البقرہ:186) 95۔المحیط احاطہ کرنے والا جس کے علم سےکوئی بھی شئے پوشیدہ نہیں ہے ،اور اس نےہر شئے کو شمار کررکھا ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام 8 بار آیاہے۔ ﴿اَلَآ اِنَّهٗ بِكُلِّ شَيْءٍ مُّحِيْطٌ﴾ آگاہ رہو یہ لوگ اپنے رب سے ملاقات میں شک رکھتے ہیں ،سن رکھو کہ وہ ہر چیز کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔(فصلت:54) 96۔الرفیق نرم خو جو اپنی مخلوقات کے لیے قوانین بناتے ہوئے،اورانہیں جزا وسزا دیتے ہوئے نرمی کرتا ہے،اس نے مخلوقات کو پیداکیا اوربندوں کے لیے آسانی وسہولت کی غرض سے بتدریج احکامات لاگو کیے،وہ اپنے بندوں کے ساتھ خصوصی نرمی برتتا ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: إِنَّ اللهَ رَفِيقٌ يُحِبُّ الرِّفْقَ، وَيُعْطِي عَلَى الرِّفْقِ مَا لَا يُعْطِي عَلَى الْعُنْفِ ’’اللہ نرم خو ہے اور نرمی برتنےوالوں کو پسند کرتا ہے،اور نرمی پر جو کچھ عطاکرتا ہے سختی پر نہیں دیتا‘‘(احمد:902 ) 97۔المنان بے حد احسان کرنےوالا جو مانگنے والے کو سوال کرنے سے پہلےعطا کردیتا ہے،وہ اپنے بندوں کو انعامات و احسانات سے،اور اولیاء اللہ کو ہدایت،کامیابی اور ایمان سے نوازتا ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے،البتہ حدیث میں ثابت ہے۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں ایک صحابی کی دعا: اَللّٰهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ بِأَنَّ لَكَ الْحَمْدُ، لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ الْمَنَّانُ ’’یا اللہ !میں تیراسوالی ہوں ،کیونکہ سب تعریفیں تیرے لیے ہی ہیں ،تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ،تو ہی احسان کرنے والا ہے‘‘۔(ابو داود: 1495)