کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 23
89۔السبوح جس کی پاکی بیان کی جائے ہر قسم کے نقائص ، شراکت داری ، اور الوہیت سے متصادم ہر چیز سے مبرّا ، تمام مخلوقات اس کی تسبیح اور تقدیس کرتی ہیں ، اور اس کے اسماء حسنیٰ و پیاری صفات کے باعث اس کو ہر عیب سے مبرّا قرار دیتی ہیں ۔ یہ نام قرآن مجید میں نہیں ہے ، البتہ حدیث میں ذکر ہوا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:’’سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ، رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوحِ‘‘ وہ بہت ہی پاکیزہ ، انتہائی مقدس اور تمام فرشتوں سمیت جبرائیل کا پروردگار ہے۔ (صحیح مسلم) 90، 91۔النصیر خیر الناصرین مدد کرنے والا،بہترین مدد گار وہ جو اپنے مومن بندوں میں سےجس کی چاہتا ہے مددکر تاہے ،وہ جس کی مدد کرے اس پر کوئی غالب نہیں آسکتا ہے اوروہ جس کوچھوڑ دے کوئی اس کی مدد نہیں کرسکتا ۔ قرآن مجید میں اسم’’النصیر‘‘4 مرتبہ اور ’’ خیر الناصرین‘‘ایک بار آیا ہے۔ ﴿نِعْمَ الْمَوْلٰى وَنِعْمَ النَّصِيْرُ ﴾اور وہ بہترین حامی و بہترین مدد گارہے۔(الانفال:40) ﴿وَھُوَ خَيْرُ النّٰصِرِيْنَ ﴾اور وہ سب سے بہترین مدد کرنے والا ہے۔(آل عمران :150) 92۔الکافی کافی اللہ پاک اپنے تمام بندوں کے رزق کی تمام ضروریات پوری کرنےکے لیے کافی ہے،وہی سب کے کاموں کی تدبیر کرتا ہےاور ان کے احوال کو درست کرتا ہے،اپنے مومن بندوں کی تائید وسرپرستی کرتا ہے۔قرآن مجید میں یہ اسم ایک بار آیا ہے۔ ﴿اَلَيْسَ اللّٰهُ بِكَافٍ عَبْدَهٗ ﴾کیا اللہ اپنے بندے کے لیے کافی نہیں ہے؟(الزمر:36) 93۔المبین ظاہر کرنے والا جس کا وجود اور وحدانیت بالکل ظاہر ہو،وہ حق کواپنے بندوں پر واضح اورآشکار اکرتا ہے۔ قرآن مجید میں اس نام کا ذکر ایک بار آیا ہے۔ ﴿ وَيَعْلَمُوْنَ اَنَّ اللّٰهَ هُوَ الْحَقُّ الْمُبِيْنُ ﴾ وہ جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہی حق ہے،اور سچ کر دکھانے والا ہے۔(نور:25)