کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 18
62۔المتین
بہت طاقتور
بے حد طاقت والا جسکی قوت دائمی ہے کبھی نہ ختم ہونے والی اور جس کو اپنے کاموں میں کوئی مشقت پیش آتی ہے نہ اسے تھکن محسوس ہوتی ہے۔
قرآن مجید میں یہ نام ایک بار آیا ہے۔
﴿اِنَّ اللّٰهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِيْنُ ﴾ (الذاریات :58)
اللہ سب کو بہت رزق دینےو الا اور بڑی قوت والا اور بہت مضبوط ہے ۔
63، 64۔الولی المولیٰ
مددگار ،مالک
مددگار،تمام امور کا متولی اور سرپرست،وہی تمام مخلوقات کا مالک حقیقی ہے،وہی خالق و رازق ہے اوروہی سب کا معبود برحق ہے اپنے مومن بندوں سے خصوصی محبت کرتا ہے۔اور ان کا حقیقی کارساز ہے۔اسم ’’الولی‘‘ قرآن مجید میں 15 مرتبہ اور ’’المولیٰ‘‘12مرتبہ آیاہے۔
﴿ وَهُوَ الْوَلِيُّ الْحَمِيْدُ ﴾وہی کارساز اور تعریف کے لائق ولی ہے۔(الشوریٰ:28)
﴿نِعْمَ الْمَوْلٰى وَنِعْمَ النَّصِيْرُ ﴾اور وہ بہترین حامی وبہترین مدد گارہے۔(الانفال:40)
65۔الحمید
تعریف کے لائق
جس کے تمام افعال ، اقوال ، اسماء و صفات ، شریعت و تقدیر سب قابل تعریف ہیں ، ہر حالت میں اس کی تعریف کی جاتی ہے ، وہ اپنی صفاتِ کمال ، اور مخلوقات پرا حسانات کی وجہ سے تعریفوں کا مستحق ہے۔قرآن مجید میں یہ نام 17 بار آیا ہے۔
﴿اِنَّهٗ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ ﴾
بے شک اللہ نہایت قابلِ تعریف اور بڑی شان والا ہے۔ (ہود : 73)
66۔الحی
زندہ رہنے والا
وہ جسے موت نہیں آتی ، اور جس کی زندگی کامل زندگی ہے ، جس میں کمال کی تمام صفات موجود ہیں ، اور ہر قسم کے نقص سے پاک ہے، اور اس کی کامل زندگی کا تقاضا ہے کہ اسے نیند تو کیا اونگھ بھی نہ آئے۔قرآن مجید میں یہ نام 5 مرتبہ آیا ہے۔
﴿اَللّٰهُ لَآ اِلٰهَ اِلَّا ھُوَ اَلْحَيُّ الْقَيُّوْمُ ﴾
اللہ ، اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ، زندہ ہمیشہ رہنے والا۔ (البقرہ : 255)