کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 16
51۔الرقیب نگران ونگہبان ایسا نگہبان جس کا علم ہرشے پر محیط ہے، اس کی سماعت ہر سنی جانے والی چیز پر، اس کی بصارت ہر دیکھی جانے والی چیز پر حاوی ہے،اس سے کوئی بھی شے پوشیدہ نہیں رہ سکتی۔قرآن مجید میں یہ نام 3 بار آیا ہے۔ ﴿وَكَانَ اللّٰهُ عَلٰي كُلِّ شَيْءٍ رَّقِيْبًا ﴾اوراللہ ہر چیز پر نگراں ونگہبان ہے۔(الاحزاب:52) 52۔المجیب دعائیں قبول کرنے والا جودعاؤں کوقبول کرتا ہے ،مانگنے والوں کو عطاکرتا ہے۔قرآن میں یہ نام ایک بارآیا ہے۔ ﴿اِنَّ رَبِّيْ قَرِيْبٌ مُّجِيْبٌ ﴾مثال:بےشک میرا رب قریب اور دعائیں قبول کرنے والاہے ۔(ہود:61) 53۔الواسع وسعت والا وہ جس کی رحمت اور علم ہر چیز پر حاوی ہے، اور جس کا رزق اس کی تمام مخلوقات کے لئے کافی ہے، کوئی اس کی ثناء شمار نہیں کر سکتا۔ قرآن میں یہ نام 9 مرتبہ آیا ہے۔ ﴿ اِنَّ اللّٰهَ وَاسِعٌ عَلِيْمٌ ﴾ اللہ بڑی وسعت والا اور سب کچھ جاننے والا ہے۔ (البقرہ: 115) 54۔الحکیم بہت حکمت والا جس کی کمالِ حکمت تقدیروں ، احکامات ، اور قیامت کے دن کے فیصلوں میں موجود ہے۔ اسی نے ہر چیز عمدہ انداز سے پیدا کی، وہ کسی چیز کو بیکار و بے مقصد پیدا نہیں کرتا، اور نہ ہی حکمت سے عاری کوئی بھی شرعی حکم اور فیصلہ صادر فرماتا ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام 91 مرتبہ آیا ہے۔ ﴿وَهُوَ الْعَزِيْزُ الْحَكِيْمُO﴾ اور وہ غالب اور حکمت والا ہے۔ (الجمعہ : 3) 55۔الودود بےحد محبت کرنےوالا وہ جو اپنےنبیوں ،رسولوں اور ان کی پیروی کرنےوالوں سے محبت کرتا ہے،اور وہ اس سے محبت کرتے ہیں ،وہ ایسا محبوب ہے کہ بندےکی اپنی جان، اولاد اورتمام محبوب چیزوں سے بڑھ کرمحبت کا حقدار ہے۔قرآن مجید میں اس لفظ کا ذکر2 مرتبہ ہوا ہے۔ ﴿اِنَّ رَبِّيْ رَحِيْمٌ وَّدُوْدٌ ﴾ بے شک میرا رب بے حد رحیم اور بہت زیادہ محبت کرنے والا ہے۔(ہود:90)