کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 14
39، 40۔الشاکر الشکور
قدردان
وہ جومعمولی اطاعت کے کام کی بھی قدرکرتا ہےاور ان پر ثوابِ کثیر عطافرماتا ہے،معمولی شکر کو بھی قبول فرمالیتا ہے۔
قرآن مجید میں ’’الشاکر ‘‘2 مرتبہ،اور ’’الشکور‘‘4 مرتبہ آیا ہے۔
﴿وَاللّٰهُ شَكُوْرٌ حَلِيْمٌ ﴾اللہ بڑا قدر دان اور بردبار ہے۔(التغابن:17)
﴿فَاِنَّ اللّٰهَ شَاكِرٌ عَلِيْمٌ ﴾
بے شک اللہ تعالیٰ قدر کرنےوالا اور جاننےوالا ہے۔(البقرہ:158)
41، 42، 43۔العلیٰ الا ٔ علیٰ المتعال
بزرگ و برتر ، بلند صفتوں والا
وہ جسے اپنی ذات ، صفات اور قدر و منزلت کے تمام پہلوؤں سے ہمیشہ اور ہر طرح کی بزرگی و برتری حاصل ہو ، وہ غالب اور قاہر ہے اپنی تمام مخلوقات پر اور کائنات کی ہر چیز اس کے تابع اور غلام ہے۔
قرآن مجید میں " العلیٰ " 8 بار ، " الا ٔعلیٰ " 2 بار اور " المتعال " ایک بار وارد ہوا ہے۔
﴿وَھُوَ الْعَلِيُّ الْعَظِيْمُ ﴾(البقرہ :255)
وہی برتر اور عظمت والی ذات ہے۔
﴿سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَى﴾(الأعلیٰ: 1)
(اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ) اپنے رب برتر کے نام کی تسبیح بیان کیجئے۔
﴿عٰلِمُ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ الْكَبِيْرُ الْمُتَعَال﴾(الرعد : 9)
وہ پوشیدہ اور ظاہر ہر چیز کا عالم ہے ، وہ بہت بڑا ہے اور ہر حال میں بالا تر رہنے والا ہے۔
44۔الکبیر
بہت بڑا
عظمت ، جلال و کبریائی سے متصف ، اپنی ذات و صفات اور افعال میں عظیم ترین ۔
قرآن مجید میں یہ نام 6 مرتبہ آیا ہے۔
﴿عٰلِمُ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ الْكَبِيْرُ الْمُتَعَالِ﴾(الرعد :9)
وہ پوشیدہ اور ظاہر ہر چیز کا عالم ہے ، وہ بہت بڑا اور ہر حال میں بالاتر رہنے والا ہے۔