کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 11
22۔الوہاب داتا،فیاض جس کی بےپناہ سخاوت تمام مخلوقات پر پھیلی ہوئی ہے،جس کو جو چاہتا ہےبے حد دیتا ہے: ہدایت، رزق،شفا وغیرہ۔قرآن مجید میں یہ نام3بار آیاہے۔ ﴿اَمْ عِنْدَهُمْ خَزَاىِٕنُ رَحْمَةِ رَبِّكَ الْعَزِيْزِ الْوَهَّابِ﴾ کیا تیرے داتا اورغالب پروردگار کی رحمت کے خزانے ان کے قبضے میں ہیں ؟(ص:9) 23، 24۔الرزاق الرازق بے حد رزق دینےوالا جو اپنی تمام مخلوقات کو رزق دیتا ہےاور اپنے مومن بندوں کے لیے اس کی خاص عنایتیں ہیں ،مثلاً:ایمان کی نعمت عطا فرمانا، نفع دینے والاعلم، رزق حلال عنایت کرنا، ’’رزّاق‘‘ سے مراد کثرت سے رزق عطافرمانے والا۔قرآن مجید میں اسم’’الرازق‘‘5 بار،اور ’’الرزاق‘‘ایک بار آیا ہے۔ ﴿ وَارْزُقْنَا وَاَنْتَ خَيْرُ الرّٰزِقِيْنَ ﴾ہم کو رزق دے اور تو بہترین رازق ہے۔(المائدہ:114) ﴿اِنَّ اللّٰهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِيْنُ ﴾(الذاریات:58) بےشک اللہ ہی کثرت سے رزق دینےوالا،طاقت والا اور بہت مضبوط ہے۔ 25۔الفتاح خوب فیصلہ کرنے والا اپنے بندوں کے درمیان بہترین فیصلہ کرنے والاجو ان کے اوپر رز ق اور رحمت اور آسانیوں کے دروازے کھولتا ہے،اور ان کے لیے اسباب پیدا کرتا ہے۔قرآن مجید میں اس نام کا ذکر ایک بار آیا ہے۔ ﴿وَهُوَ الْفَتَّاحُ الْعَلِيْمُ ﴾وہ زبردست فیصلہ کرنےوالا اور سب کچھ جاننے والا ہے۔(سبا:26) 26، 27، 28۔العلیم العالم علام الغیوب عالم، غیب کا علم جاننے والا جس کا علم اشیاء کے ظاہر و باطن نیز ان کی کھلی اور چھپی خصائص پر حاوی ہے ، اس سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں ، جو ہوگیا یا ہونے والا ہے سب جانتا ہے۔ قرآن میں "العلیم" 157 مرتبہ ، "العالم " 13 مرتبہ اور’’ علام الغیوب ‘‘ 4 مرتبہ وارد ہوا ہے۔ ﴿ اِنَّ اللّٰهَ وَاسِعٌ عَلِيْمٌ ﴾اللہ بڑی وسعت والا اور سب کچھ جاننے والا ۔ (البقرہ: 115) ﴿ عٰلِمُ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ ﴾وہ پوشیدہ اور ظاہر ہر چیز کا جاننے والا ہے (الانعام :73) ﴿اِنَّكَ اَنْتَ عَلَّامُ الْغُيُوْبِ ﴾ بے شک تو ہی تمام پوشیدہ چیزوں کو جانتا ہے(المائدۃ : 109)