کتاب: اسماء الحسنیٰ(عثمان صفدر) - صفحہ 10
15۔الباری پیداکرنےوالا عدم سے وجود میں لانےوالا،اپنی بنائی ہوئی تقدیروں ،اور فیصلوں کو اپنے طے کیے ہوئے طریقوں سے نافذ کرنے والا۔ قرآن مجید میں یہ نام 3 مرتبہ آیا ہے۔ ﴿هُوَ اللّٰهُ الْخَالِقُ الْبَارِئُ الْمُصَوِّرُ لَهُ ﴾ وہ اللہ ہی ہے پیدا کرنے والا عدم سے وجود بخشنےوالا صورت بنانے والا۔(الحشر:24) 16۔المصور صورت گری کرنےوالا جو اپنی مرضی کے مطابق چیزوں کی تخلیق فرماتاہے،اور ان چیزوں کو اپنی حکمت کے مطابق صورت دیتا ہے۔قرآن مجید میں یہ نام ایک بار آیاہے۔ ﴿هُوَ اللّٰهُ الْخَالِقُ الْبَارِئُ الْمُصَوِّرُ ﴾ وہ اللہ ہی ہے پیدا کرنے والا عدم سے وجود بخشنےوالا صورت بنانے والا۔(الحشر:24) 17، 18، 19۔الغفور ،الغفار،غافرالذنوب گناہ معاف کرنےوالا جو گناہوں کو معاف کرتا ہےاور ہر توبہ کرنے والے کی توبہ قبول کرتا ہے۔اپنے بندوں کے گناہوں سے چشم پوشی کرتا ہے۔اوران کے اوپر اپنی الفت و رحمت کا سایہ کرتا ہے۔ ’’الغفار‘‘مبالغہ کا صیغہ ہے،بے انتہا مغفرت کرنےوالا۔قرآن میں ’’الغفور‘‘91 بار،’’الغفار‘‘5 بار،’’غافر الذنب‘‘ایک بار آیا ہے۔ ﴿اِنَّ اللّٰهَ هُوَ الْغَفُوْرُ الرَّحِيْمُ﴾بے شک اللہ تعالیٰ بخشنےوالا ،اورنہایت رحم کرنے والا ہے۔(الشوریٰ:5) ﴿اَلَا هُوَ الْعَزِيْزُ الْغَفَّارُ﴾ یقین مانو کہ وہی غالب اوربے حد بخشنے والا ہے(الزمر:5) ﴿غَافِرِ الذَّنْبِ وَقَابِلِ التَّوْبِ﴾گناہ معاف اور توبہ قبول کرنے والا ہے(غافر:3) 20،21۔القاھر القہار غالب جس کےآگے تمام مخلوقات اور سارے زور آورسرنگوں ہیں ،ہر چیز پر اس کو مکمل غلبہ حاصل ہے،کائنات کی ہر چیز اس کی عظمت ،جلال اور کبریائی کی وجہ سے اس کی اطاعت گزار ہے۔قرآن مجیدمیں اسم’’القاہر‘‘ دو مرتبہ اور اسم’’القہار‘‘6 مرتبہ آیا ہے۔ ﴿وَّهُوَ الْوَاحِدُ الْقَهَّارُ ﴾وہ یکتاہے،سب پر غالب۔ (الرعد16) ﴿وَهُوَ الْقَاهِرُ فَوْقَ عِبَادِهِ ﴾وہ اپنے بندوں پر مکمل اختیاررکھتا ہے۔(الانعام18)