کتاب: عصرحاضر میں تکفیر، خروج ،جہاد اور نفاذ شریعت کا منہج - صفحہ 6
کی اطاعت اور جبری اسلام کو یہ عوام کب تک برداشت کرے گی؟ اس کا صحیح رستہ یہی ہے کہ پہلے عوام الناس کی ایک معتد بہ تعداد کی دینی، اخلاقی اور روحانی تربیت کی جائے اور وہ اپنے جسم وجان اور گھر بار پر حقیقی معنوں میں اسلام نافذ کر چکے ہوں ۔ پھر انہیں ایک نظم میں پَرو کر اس باطل نظام سے ٹکرا دیا جائے اور یہ ٹکراؤ بھی مصالح وحکمتوں اور جدید تقاضوں کی رعایت کا حامل ہو جسے ہمیں احتجاجی ٹکراؤ یا نرم انقلاب(soft revolution) کا نام دے سکتے ہیں۔
ہم مسلم معاشروں یا معاصر مقتدر طبقوں کی تکفیر کی عوامی تحریکوں کی بجائے ان کی اصلاح کے لیے کی جانے والی ہر ممکن کوشش کے حق میں ہیں ۔ مولانا ابو الکلام آزاد رحمہ اللہ نے کہا تھا کہ چودہ صدیوں میں ہم نے اتنے مسلمان نہیں کیے جتنے اس ایک صدی میں کافر بنا دیے ہیں ۔اور مولانا ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ جب جسم کا کوئی عضو گل سٹر جائے اور اس کی صحت کی کوئی امید بھی باقی نہ رہے تو بلاشبہ اسے کاٹ دینا ہی مناسب ہوتا ہے لیکن اگر کسی خراب عضو کی تندرستی کی امید ہو لیکن پھر بھی اسے کاٹ کر جسم سے علیحدہ کر دیا جائے تو یہ عمل خود اس جسم کے ساتھ کس قدر ظلم ہو گا، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ جہاں تک خروج کا معاملہ ہے تو ہمارے نزدیک فی زمانہ فرد اور ریاست میں طاقت کے عدم توازن کی وجہ سے اس کی اجازت دینا امت مسلمہ کو عسکری، سیاسی، معاشی، معاشرتی،اصلاحی اور دعوتی اعتبار سے مزید کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
جہاد کی بات کریں تو اس وقت مسلم دنیا میں جہاں بھی ریاستی دہشت گردوں مثلاً امریکہ ، اسرائیل، انڈیا اور نیٹو فورسز کی غلامی سے آزادی کی تحریکیں بر سر پیکار ہیں ، چاہے وہ عراق ہو یا افغانستان، فلسطین ہو یا کشمیر، ہم ان غلام بنائے گئے مسلمان ممالک کے مظلوم شہریوں کی جانی،مالی،اخلاقی اور ہر قسم کی ممکن امداد کو ہی عصر حاضر میں جہاد کی اصطلاح کا صحیح مصداق سمجھتے ہیں اور اس جہاد کے حق میں ہیں ۔ رہا مسلم ریاستوں کے مقتدر طبقوں کے ظلم و ستم کو بنیاد بناتے ہوئے ان کے خلاف کسی قسم کی عسکری جدوجہد کرنا تو یہ ہمارے نزدیک جہاد نہیں بلکہ خروج کا مسئلہ ہے ۔ اور امر واقعہ یہ ہے کہ دجال کے ظہور سے پہلے کفر واسلام کے اس آخری معرکہ میں کسی معاون اسٹرکچر کو گرانے کی کوشش کرنا پَرلے درجے کی بے وقوفی ہے۔ البتہ مسلم ریاستوں میں انفرادی یا اجتماعی اصلاح