کتاب: عصر حاضر میں اجتماعی اجتہاد جلد 2 - صفحہ 316
بیان ہے۔ پہلا باب دعوی کی شروط ‘ ان کے أحکام اور دعوی کو دور کرنے کے بارے میں ہے۔ اس باب میں چار فصلیں ہیں۔ پہلی فصل صحت دعوی کی شرائط‘ دوسری دفع دعوی کے حق ‘ تیسری فریقین مقدمہ اور چوتھی تناقض دعوی کے بیان میں ہے۔ مقدمہ ۳ جبکہ پہلا باب ۴۴ مادوں پر مشتمل ہے۔ اب تک کل ۱۶۵۹ مادے ہوئے۔ دوسراباب وقت گزر جانے کے بعد دعوی دائر کرنے کے مسائل کے بارے میں ہے۔ اس باب میں ۱۶ مادے ہیں۔ اب تک کل ۱۶۷۵ مادے ہوئے۔ اس کتاب کی تکمیل ۹ جمادی الأخری ۱۲۹۳ھ میں ہوئی۔ پندرہویں کتاب الکتاب فی حق البینات والتحلیف ہے۔ ایک مقدمہ اور چار أبواب پر مشتمل ہے۔ مقدمہ میں گواہی سے متعلق فقہی اصطلاحات کی وضاحت ہے۔ پہلا باب شہادتیعنیگواہی کے حق کے بیان میں ہے۔ اس میں کل آٹھ فصول ہیں۔ پہلی فصل گواہی کی تعریف و نصاب‘ دوسری گواہی کی ادائیگی کی کیفیت‘ تیسری گواہی کی بنیادی شروط‘ چوتھی گواہی کے دعوی کے موافق ہونے‘ پانچویں گواہوں کے اختلاف‘ چھٹی گواہوں کے تزکیہ‘ ساتویں گواہوں کے اپنی گواہی سے رجوع کرنے اور آٹھویں متواتر گواہی کے بارے میں ہے۔ مقدمہ میں ۸ اور پہلے باب میں ۵۲ مادوں کا بیان ہے۔ اب تک کل ۱۷۳۵ مادے ہوئے۔ دوسرے باب کا عنوان تحریری گواہیوں اور قطعی قرائن کے بارے میں ہے۔ اس باب میں د وفصول ہیں۔ پہلی فصل تحریری گواہیوں اور دوسری قطعی قرائن کے بیان میں ہے۔ اس باب میں ۶ مادوں کا بیان ہے۔ اب تک ۱۷۴۱ مادے ہوئے۔ تیسر اباب حلف اٹھوانے کے بارے میں ہے۔ اس میں ۱۲ مادوں کا بیان ہے۔ اب تک ۱۷۵۳ مادے ہوئے۔ چوتھا باب گواہیوں کے تنازعات اور ترجیح کے بیان میں ہے۔ اس باب میں چار فصول ہیں۔ پہلی فصل تنازع بالأیدی ‘ دوسری گواہیوں میں ترجیح‘ تیسری جس کے بارے میں گواہی دی جائے اور حال کے بارے فیصلہ کرنے کے مسائل کے بیان میں ہے۔ چوتھی فصل قسم اٹھوانے کے بارے میں ہے۔ یہ باب ۳۰ مادوں پر مشتمل ہے۔ اب تک کل مادے ۱۷۸۳ ہوئے۔ اس کتاب کی تکمیل۲۶ شعبان ۱۲۹۳ھ میں ہوئی۔ سولہویں کتاب الکتاب فی القضاء ہے۔ ایک مقدمہ اور چار أبواب پر مشتمل ہے۔ مقدمہ میں قاضی‘ حکم‘ محکوم بہ‘ محکوم فیہ‘ محکوم علیہ‘ تحکیم اور وکیل وغیرہ جیسی فقہی اصطلاحات کا بیان ہے۔ پہلا باب قاضیوں کے بارے میں ہے۔ اس میں چار فصول ہیں۔ پہلی فصل قاضیوں کے اوصاف‘ دوسری قاضی کے آداب‘ تیسری قاضی کی ذمہ داریوں اور چوتھی سماعت مقدمہ کی صورت کے بیان میں ہے۔ مقدمہ ۸ جبکہ پہلا باب میں ۳۷ مادوں پر مشتمل ہے۔ اب تک کل ۱۸۲۸ مادے ہوئے۔ دوسرا باب حکم کے بیان میں ہے۔ اس میں د وفصول ہیں۔ پہلی فصل حکم کی شروط اور دوسری عدالت سے غائب رہنے والے مدعی علیہ کے مسائل پر مشتمل ہے۔ اس باب میں ۸ مادوں کا بیان ہے۔ اب تک کل مادے ۱۸۳۶ ہوئے۔ تیسرا باب فیصلہ ہو جانے کے بعد دعوی کی رؤیت کے حق کے بارے ہے۔ اس میں ۴ مادوں کا بیان ہے اور کل مادے ۱۸۴۰ ہوئے۔ چوتھا باب فیصلہ کرنے سے متعلق مسائل کے بارے میں ہے۔ اس باب میں ۱۱ مادوں کا بیان ہے۔ اب تک ۱۸۵۱ مادے ہوئے۔ یہ کتاب ۲۶ شعبان ۱۲۹۳ھ کو مکمل ہوئی۔ ٭٭٭