کتاب: عصر حاضر میں اجتماعی اجتہاد جلد 2 - صفحہ 313
چوتھا باب رہن کے أحکام کے بیان میں ہے۔ اس میں چار فصول ہیں۔ پہلی فصل رہن کے عمومی أحکام‘ دوسری مال مرہون میں راہن اور مرتہن کے تصرف ‘ تیسری أمین کے ہاتھ میں مال مرہون کے أحکام اور چوتھی رہن کی بیع کے بیان میں ہے۔ اس باب میں ۳۳ مادے بیان ہوئے ہیں اور اب تک کل مادے ۷۶۱ ہوئے۔
چھٹی کتاب
کتاب الأمانات ہے۔ ایک مقدمہ اور تین أبواب پر مشتمل ہے۔ پہلا باب أمانت سے متعلق عمومی أحکام کے بارے میں ہے۔ مقدمہ میں ۶ اور پہلے باب میں ۵ مادوں کا بیان ہے اور اب تک ۷۷۲ مادے ہوئے۔
دوسرا باب ودیعت(کسی کو کوئی شیء حفاظت کی غرض سے دینا)کے بیان میں ہے۔ اس میں دو فصلیں ہیں۔ پہلی فصل عقد إیداع اور اس کی شرائط اور دوسری ودیعت کے أحکام اور اس کے تاوان کے مسائل پر مشتمل ہے۔ اس باب میں ۳۱مادے ہیں اور کل مادے ۸۰۳ ہوئے۔
تیسرا باب مستعار لینے کے بیان میں ہے۔ یہ باب دو فصول پر مشتمل ہے۔ پہلی فصل کوئی چیز عاریتاً لینے کے عقد اور اس کی شروط کے بارے میں ہے جبکہ دوسری فصل میں عاریتاً لینے کے أحکام اور اس کے تاوان کا بیان ہے۔ اس باب میں ۲۹ مادوں کا بیان ہے اور اب تک ۸۳۲ مادے ہوئے۔ اس کتاب کی تکمیل ۲۴ذی الحجہ ۱۲۸۸ھ میں ہوئی۔
ساتویں کتاب
کتاب الھبۃہے۔ ایک مقدمہ اور دو أبواب پر مشتمل ہے۔ مقدمہ میں ہبہ سے متعلق فقہی اصطلاحات کا تعارف ہے۔ پہلا باب عقد ہبہ کے بارے میں ہے اور د وفصول پر مشتمل ہے۔ پہلی فصل ارکان ہبہ اور دوسری شرائط ہبہ کے بارے میں ہے۔ مقدمہ میں ۵ اور پہلے باب میں ۲۳ مادے ہیں۔ اب تک کل مادے ۸۶۰ ہوئے۔
دوسرا باب ہبہ کے أحکام کے بیان میں ہے۔ اس میں دو فصلیں ہیں۔ پہلی فصل ہبہ سے رجوع کرنے کے حق کے بیان اور دوسری مریض کے ہبہ کے بارے میں ہے۔ اس باب میں کل۲۰ مادے ہیں۔ اب تک کل ۸۸۰ مادے ہوئے۔ یہ کتاب۲۹ محرم ۱۲۸۹ھ کو مکمل ہوئی۔
آٹھویں کتاب
کتاب الغضب والإتلاف ہے۔ ایک مقدمہ اور دو ابواب پر مشتمل ہے۔ مقدمہ میں غصب اور تلف سے متعلقہ فقہی اصطلاحات کی تعریفات بیان کی گئی ہیں۔ پہلا باب غصب کے بارے میں ہے۔ اس میں تین فصول ہیں۔ پہلی فصل غصب کے أحکام‘ دوسری غصب سے متعلقہ مسائل اور تیسری غاصب کے بارے میں ہے۔ مقدمہ میں ۹ اور پہلے باب میں ۲۲ مادوں کا بیان ہے۔ اب تک کل ۹۱۱ مادے ہوئے۔
دوسرا باب تلف کے مسائل پر مشتمل ہے۔ اس میں چار فصول ہیں۔ پہلی فصل براہ راست کسی مال کو تلف کرنے اور دوسری کسی مال کے تلف میں سبب بننے اور تیسری شاہراہ عام پر واقع ہونے والے مسائل اور چوتھی حیوانات کے قابل سزا جرائم کے بارے میں ہے۔ اس باب میں کل ۳۹ مادے ہیں اور اب تک ۹۴۰ مادے ہوئے۔
نویں کتاب
کتاب الحجر والإذن والإکراہ والشفعۃہے۔ ایک مقدمہ اور تین ابواب پر مشتمل ہے۔ مقدمہ میں حَجر‘ إذن‘ إکراہ اور شفعہ کی فقہی اصطلاحات کے معانی بیان کیے گئے ہیں۔ پہلا باب’حَجر‘ کے بارے میں ہے اور چار فصول پر مشتمل ہے۔ پہلی فصل محجورین کی أصناف وأحکام‘ دوسری فصل صغیر‘ مجنون اور مخبوط الحواس سے متعلقہ مسائل‘ تیسری نادان محجور اور چوتھی مقروض محجور کے بارے میں ہے۔ مقدمہ میں ۱۶ اور پہلے باب میں ۴۶ مادے ہیں اور اب تک ۱۰۰۲ مادے ہوئے۔