کتاب: ارکان ایمان ایک تعارف - صفحہ 26
گھر تیار کرنا ، پھر باقاعدگی کے ساتھ اس میں شہد کو ذخیرہ کرتے رہنا ۔۔۔یہ سب راہیں اللہ تعالیٰ نے مکھی کیلئے اس طرح ہموار کردی ہیں کہ اسے کبھی سوچنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی ۔ (۴) شہد مختلف رنگوں میں ہوتا ہے ، اور اس کے متعدد خواص ہیں ، سب سے اہم خاصیت یہ ہے کہ بہت سی بیماریوں کیلئے شفا کا حکم رکھتا ہے ، اور دوسری خاصیت یہ ہے کہ جو اشیاء شہد میں رکھی جائیں وہ بڑی مدت تک اس میں برقرار وبحال رہتی ہیں ، اور اگر ادویہ ڈالی جائیں تو ان کا اثر حتی کہ ان کی خوشبو بھی طویل عرصہ تک برقرار رہتی ہے۔ (۵) سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ شہد کی مکھی بذاتِ خود ایک زہریلا پتنگاہے، انسان کو ڈس جائے تو اس کی جلد متورم اور اس میں سوزش پیدا ہوجاتی ہے ، اور ایسے زہریلے پتنگے کے اندر سے نکلا ہوا شہد انسان کی اکثر بیماریوں کیلئے باعثِ شفا ہے ، نیز اس کیلئے ایک شیریں اور لذیذ غذا کا کام بھی دیتا ہے۔[1] ایمان باللہ کا دوسرا لازمی تقاضا یہ ہے کہ بندہ یہ اعتقاد رکھے کہ اللہ تعالیٰ ہی معبود ِبرحق ہے، وہ اکیلا ہی تمام قسم کی ظاہری وباطنی عبادات کا مستحق ہے، اور عبادات میں بھی اس کا کوئی شریک نہیں۔اور اسی پیغام کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے تمام انبیاء کو مبعوث فرمایا ، جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: { وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِیْ کُلِّ أُمَّۃٍ رَّسُوْلًا أَنِ اعْبُدُوااللّٰہَ وَاجْتَنِبُوا الطَّاغُوْتَ} (سورۃ النحل:۳۶) ’’اور یقیناہم نے ہر امت میں رسول بھیجا کہ (لوگو!) صرف اللہ کی عبادت کرو اور طاغوت سے بچو۔‘‘ اللہ تعالیٰ کے علاوہ جس کی بھی عبادت کی جائے اور وہ اس عبادت سے راضی بھی ہوتو وہ طاغوت ہے۔
[1] تفسیر القرآن از مولانا عبد الرحمن کیلانی ؒ