کتاب: عقیدہ ایمان اور منہج اسلام - صفحہ 78
﴿مَّن يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللّٰهَ ۖ وَمَن تَوَلَّىٰ فَمَا أَرْسَلْنَاكَ عَلَيْهِمْ حَفِيظًا﴾ (النساء:۸۰) ’’ جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی فرمانبرداری کرے گا بے شک اس نے اللہ تعالیٰ کا کہا مانا اور جو کوئی نہ مانے تو ہم نے تجھ کو ان پر نگہبان بنا کر نہیں بھیجا۔ ‘‘ ایک اور مقام پر اللہ عزوجل نے نہایت واضح الفاظ میں بیان فرمایا اور اس بات کی خبر دے دی کہ اس کے حبیب و خلیل نبی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت نہ کرنا آدمی کے تمام اعمال کو باطل اور ضائع کر دیتا ہے۔ (یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت و فرمانبرداری کے بغیر کسی عمل کا کچھ فائدہ نہیں بلکہ اُلٹا گناہ ہوگا اور جان بوجھ کر سنت کی مخالفت کرنے پر آدمی کو اللہ تعالیٰ کے ہاں سزاملے گی۔) چنانچہ فرمایا: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللّٰهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَلَا تُبْطِلُوا أَعْمَالَكُمْ﴾ (محمد:۳۳) ’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو اللہ تعالیٰ کا حکم مانو اور پیغمبر (محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم) کا حکم مانو اور (ان کا خلاف کر کے) اپنے (نیک) کام ملیا میٹ نہ کرو۔‘‘ اور اپنے درج ذیل فرمان میں اللہ ذوالجلال والاکرام نے ہمیں اپنے حبیب و خلیل نبی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کی مخالفت سے سختی کے ساتھ منع فرمایاہے۔ ﴿وَمَن يَعْصِ اللّٰهَ وَرَسُولَهُ وَيَتَعَدَّ حُدُودَهُ يُدْخِلْهُ نَارًا خَالِدًا فِيهَا وَلَهُ عَذَابٌ مُّهِينٌ﴾ (النساء:۱۴) ’’ اور جو کوئی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے اور اس کی حدوں سے بڑھ جائے تو اللہ تعالیٰ اس کو دوزخ میں لے جائے گا۔ وہ ہمیشہ اس میں رہے گا اور ذلت کی مار کھائے گا۔ ‘‘