کتاب: عقیدہ ایمان اور منہج اسلام - صفحہ 31
خالصتاً اللہ عزوجل سے اجر و انعام حاصل کرنے کی نیت سے لکھی جانے والی کتاب ہذا کو اس وقت کے مملکت سعودیہ میں بڑے بڑے علماء نے جب پڑھا تو وہ مصنف حفظہ اللہ کی جہد خالص کی تعریف و توصیف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ جیسا کہ کتاب ہذا میں درج ان کی تقریظات و تقدیمات سے واضح ہے۔ اس کتاب ’’الوجیز ‘‘ نے عرب نوجوانوں کی اصلاح میں بہت کردار ادا کیا ہے۔ توحید دین کی اساس ہے باقی سب چیزیں وسائل توحید ہیں۔ توحید کے بغیر انسان کی پہچان ہی نہیں ہوتی ، توحید نے انسان کو حقیقی شعور بخشا ہے۔ زمین پر کوئی بھی مخلوق ایسی نہیں جو توحید پرست نہ ہو۔ ایک انسان ایسی مخلوق ہے جو توحید اور شرک کے درمیان رہتا ہے سوائے انبیاء کے جو توحید والے ہوتے اور توحید کی طرف بلاتے تھے۔ دیکھیے ہمارے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف نقطہ توحید سمجھانے کے لیے تیرہ (۱۳)سال لگائے اور باقی پورے دین پر دس (۱۰)سال۔ اور اس میں بھی اساس توحید خالص ہی تھی۔ تمام انبیاء نے آغاز توحید سے کیا اور انسان کی تخلیق کا مقصد بھی یہی ہے۔ انسان کی حقیقی ترقی کا راز بھی اللہ تعالیٰ کی پہچان ہے۔ اگر انسان اللہ تعالیٰ کو مکمل پہچان لیتا تو آج کا انسان اس قدر ترقی کے باوجود پست نہ ہوتا۔ آج کے انسان نے اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں سے فائدہ تو اُٹھایا ہے لیکن ابھی تک نعمتیں عطا کرنے والے کو نہیں پہچانا۔ آج کے انسان کی ناکامی کی وجہ صرف اور صرف اپنے خالق و مالک اللہ رب العالمین کو نہ پہچاننا ہے۔ اس کو آپ ان دو آیات کریمہ سے سمجھ سکتے ہیں : ﴿مَالَکُمْ لَا تَرْجُوْنَ لِلّٰہِ وَقَارًا﴾ (نوح:۱۳) ﴿وَمَا قَدَرُو اللّٰہَ حَقَّ قَدْرِہٖ﴾ (الانعام:۴۱) چنانچہ اس نظریہ کے تحت کہ ہم غیر عربوں … بالخصوص ، ہندوستان ، پاکستان اور بنگلہ دیش وغیرہ کے لوگوں کے عقائد و اعمال اور منہج و طریقت کی جو حالت سوء ہے ، … کو بھی اس شاہکار سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنی آخرت کی فکر کرنی چاہیے۔ پس