کتاب: عقیدہ ایمان اور منہج اسلام - صفحہ 30
اور پھر اللہ تبارک و تعالیٰ کا اس ضمن میں ایک وعدہ کی صورت ارشادِ گرامی قدر یوں بھی ہے۔ فرمایا:
﴿وَمَن يُطِعِ اللّٰهَ وَالرَّسُولَ فَأُولَـٰئِكَ مَعَ الَّذِينَ أَنْعَمَ اللّٰهُ عَلَيْهِم مِّنَ النَّبِيِّينَ وَالصِّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّالِحِينَ ۚ وَحَسُنَ أُولَـٰئِكَ رَفِيقًا﴾ (النساء:۶۹)
’’اور جو اللہ اور رسول کی فرماں برداری کرے تو یہ ان لوگوں کے ساتھ ہوں گے جن پر اللہ نے انعام کیا، نبیوں اور صدیقوں اور شہداء اور صالحین میں سے اور یہ لوگ اچھے ساتھی ہیں۔ ‘‘
پچھلے صفحات پر(ھ) نمبر والی حدیث صحیح میں ملت اسلامیہ کے جن بہتر فرقوں کا ذکر ہوا کہ وہ سب کے سب جہنم میں جائیں گے ، ستم ظریفی یہ ہے کہ اُن میں سے بہت سارے فرقے ایسے ہیں کہ جو اپنے آپ کو ’’اہل السنہ والجماعۃ‘‘ کہتے ہیں یا اپنے آپ کو ان میں شمار کرتے ہیں۔ مگر حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ کتاب ہذا کے مؤلف فضیلۃ الشیخ عبداللہ بن عبدالحمید الاثری حفظہ اللہ نے ان لوگوں کے عقائد و مسلک اور افعال و طریقت کو چھیڑے اور بیان کیے بغیر اپنی اس کتاب ’’الوجیز في عقیدۃ السلف الصالح اہل السنہ والجماعۃ ‘‘ میں … کہ جس کے اُردو نام ’’اہل السنہ والجماعۃ ، اہل اسلام کے سلف صالحین کا عالمی ، ابدی اور جامع عقیدہ، ایمان اور منہج اسلام‘‘ والے سر ورق کے ساتھ یہ کتاب آپ کے ہاتھوں میں ہے … عین اسی اصلی عقیدہ و منہج کو بیان کیا ہے کہ جو نبی آخر الزمان محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ، آپ کے پاکباز و اطہار صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا ، تابعین و تبع تابعین کرام اوران کے بعد آج تک کے تمام آئمہ و علماء عظام رحمہم اللہ جمیعاً کا تھا۔ تاکہ ہر متلاشی حق کو قران و سنت میں درج اسلام و اہل ایمان کے اصلی عقائد و منہج کا بالاجمال علم ہو جائے اور وہ قرآنِ عظیم و احادیث مبارکہ کے مطالعہ سے مکمل طور پر دین حنیف والے صراطِ مستقیم پر گامزن ہو سکے۔