کتاب: عقیدہ فرقہ ناجیہ - صفحہ 130
بڑھاہوا ظلم(سرکشی) اور لوگوں پر زیادتی کرنے کو حرام کردیا ہے ۔’’وَاَنْ تُشْرِکُوا بِاللّٰه مَالَمْ یُنَزِّلْ بِہٖ سُلْطَانًا ‘‘ یعنی یہ بھی حرام ہے کہ تم عبادت میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک بنالوجس کی اللہ تعالیٰ نے کوئی دلیل و حجت نازل نہیں فرمائی ۔ ’’وَّاَنْ تَقُوْلُوْا عَلَی اللّٰه مَالَا تَعْلَمُوْنَ‘‘ اور یہ بات بھی حرام ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف بلاعلم کوئی بات منسوب کی جائے ۔ بلاعلم جو بات منسوب کی جا ئے گی وہ کذب وافتراء ہوگی ،جیسا کہ بعض لوگ اللہ تعالیٰ کی اولاد ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، اور جیسا کہ بہت سے لوگوں نے بلاعلمِ شرعی اللہ تعالیٰ کی طرف بہت سے حلال وحرام منسوب کیئے ہیں۔
ان آیات کو یہاں ذکر کرنے کا مقصد
یہ آیات اللہ تعالیٰ سے ہرقسم کے شریک کی نفی پر مشتمل ہیں،نیز صرف اللہ تعالیٰ کیلئے کمالِ مطلق کا اثبات ،اولاد کی نفی، ہم مثل ہمسر کی نفی پر بھی مشتمل ہیں ۔تمام مخلوقات اللہ تعالیٰ کی ہر قسم کے نقص سے تنزیہ وتقدیس بیان کرتی ہے۔ یہ بات شرک کے باطل ہونے اور یہ کہ شرک محض جھل اور تخیل پر مبنی ہے اوریہ کہ اللہ رب العزت ہر شبیہ ومثل سے پاک ہے پر دلالت کرتی ہیں۔ (واللہ اعلم)