کتاب: عقیدہ توحید - صفحہ 18
ایک وفد سے ملاقات کے دوران بیان دیتے ہوئے فرمایا ’’ چاہے لوگ ہمیں کچھ بھی کہیں، ہم بزرگوں کے مزاروں کے ساتھ وہی عمل کریں گے جو عوام کرتی ہے ۔‘‘(ماہنامہ ’’ مدینہ ‘‘بجنور،فائل ۱۹۵۹)
یہ ان عقائد کی ایک جھلک ہے جسکے حامل علمائے دیوبند رہے ہیں :
" قیاس کن زگلستانِ من بہارِ مرا "
جب علماء وصلحاء ہی عقائد کے معاملے میں اس بے لگام وسعت کے حامل ہوں تو پھر عوام سے کس طرح یہ امید کی جاسکتی ہے کہ وہ عقائد کے باب میں شریعت کے پابند رہیں گے ؟ اس لئے ضرورت ہے کہ توحید کو اچھی طرح نکھار کر پیش کیا جائے اور اسی مقصد کے تحت ہم نے فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح الفوزان کی نئی کتاب عقیدۃ التوحید کا ترجمہ کیا ہے، تاکہ عام مسلمان توحید کے تقاضوں سے آگاہ ہوکر اس پر عمل پیرا ہوجائیں، اور شرک وبدعات کو جان کر ان سے بچ جائیں، اگر اﷲ نے اس کتاب سے ایک متلاشیء حق کو بھی کتاب وسنت کے راستے کی توفیق عطا فرمائی تو ہم سمجھتے ہیں کہ اپنے مقصد میں کامیاب ہیں، اسلئے کہ ہدایت سے بڑی خیرات اس کائنات میں اور کئی نہیں ۔ بقولِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم : "لَأَن یَّھْدِیَ اﷲُ بِکَ رَجُلًا وَاحِدًا خَیْرٌ لَّکَ مِنْ حُمُرِ النَّعَمِ "( متفق علیہ )یعنی اگر اﷲ تعالیٰ تمہارے ذریعے سے کسی ایک انسان کو ہدایت دے تو یہ تمہارے حق میں سُرخ اونٹوں سے بھی کہیں زیادہ بہتر ہے ۔رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّکَ أَْنَت السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ ٭ وَتُبْ عَلَیْنَا إِنَّکَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ وصلّی اﷲ وسلّم علی نبیّنا محمد وعلی آلہ وأصحابہ وأزواجہ وأھل بیتہ أجمعین ومن تبعھم بإحسان إلی یوم الدین۔ محمد انور محمدقاسم سلفی
۲۵؍ رمضان المبارک ۱۴۲۸ھ مطابق7۔10۔2007
ص ب 54491۔ جلیب الشیوخ ۔الکویت