کتاب: عقیدہ الاسلاف اور اصحاب الحدیث - صفحہ 37
باب ۴: قرآن اللہ کا کلام ہے غیر مخلوق ہے ۔ ۶۔ اہل السنہ والجماعہ گواہی دیتے ہیں اور اس بات کا عقیدہ رکھتے ہیں کہ قرآن اللہ تعالیٰ کا کلام ، کتاب ، اس کا خطاب، اسکی وحی اوراس کی طرف سے نازل شدہ ہے غیر مخلوق ہے۔ اور جس شخص نے اس کے مخلوق ہونے کا قول اور عقیدہ رکھا ، وہ اصحاب الحدیث کے نزدیک کافر ہے۔(13) اور قرآن وہ کتاب ہے جو اللہ تعالیٰ کا کلام ،اس کی وحی اور جبریل امین علیہ السلام کے ذریعے عربی زبان میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی ہے ۔ ایسی قوم کیلئے جو علم رکھتی ہے کہ (یہ قرآن جنت کی )خوشخبری دینے والا اور (جہنم)سے ڈرانے والاہے۔ جیسے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے (وَإِنَّهُ لَتَنْزِيلُ رَبِّ الْعَالَمِينَ () نَزَلَ بِهِ الرُّوحُ الْأَمِينُ () عَلَى قَلْبِكَ لِتَكُونَ مِنَ الْمُنْذِرِينَ () بِلِسَانٍ عَرَبِيٍّ مُبِينٍ) [الشعراء:۱۹۲۔۱۹۵]اور یقیناً یہ تمام جہانوں کے رب کی طرف سے نازل کردہ ہے ۔ روح الامین(جبریل علیہ السلام) اس کو آپ کے دل پرلے کر اترے ہیں ۔ تاکہ آپ ڈرانے والوں میں سے ہوجائیں ۔ فصیح(واضح) عربی زبان میں ‘‘ ....................................................................................... (13)امام لالکائی نے اس مسئلے پر اہل سنت کا اجماع نقل کیا ہے اور اس کے متعلق ۵۵۰سے زائد علماء کے اقوال ذکر کیے ہیں ۔شرح اصول اعتقاد اہل السنہ (:۲؍۲۲۷۔۳۶۹)تفصیل کے لیے دیکھیں الابانہ عن اصول الدیانہ:( ص:۱۴۰۔۱۰۵)