کتاب: عقیدہ الاسلاف اور اصحاب الحدیث - صفحہ 35
باب:۳ سلف صالحین اور اصحاب الحدیث کا صفات کے بارے میں عقیدہ ۴: سلف صالحین اور اصحاب الحدیث کا عقیدہ ہے کہ ہم ان تمام صفات کو جن کا تذکرہ قرآن مجید اور صحیح احادیث میں موجود ہے جیسے سمع ،بصر، عین ، وجہ ، علم ، قوۃ، قدرت ، عزت ، عظمت ، المودۃ ، مشیئت ،قول ، کلام ، رضا، سخط ، حب ، بغض ، فرح ، ضحک(12) اور اس کے علاوہ صفات کو مخلوق کے ساتھ تشبیہ دیے بغیرمانتے ہیں ۔بلکہ ان صفات کے بارے میں جو اللہ اور اس کے رسول نے فرما دیا بس وہ اس پر اکتفا کرتے ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کا اضافہ ،تغیر و تبدل و تحریف نہیں کرتے اور نہ ہی ان کی کیفیت و تشبیہ بیان کرتے ہیں بغیر کسی غلط تاویل کے وہ ان صفات والفاظ کو ان کے ظاہر پر محمول کرتے ہیں اور ان کے علم کو اللہ کے سپرد کرتے ہیں اور وہ اس بات کا اقرار کرتے ہیں کہ ان کی تاویل کا علم اللہ تعالیٰ کے پاس ہے ۔ جیسے اللہ تعالیٰ نے راسخ فی العلم لوگوں کے (اللہ تعالیٰ کے)بارے میں (عقیدے سے متعلق)خبر دیتے ہوئے فرمایا ہے ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:( وَالرَّاسِخُونَ فِي الْعِلْمِ يَقُولُونَ آمَنَّا بِهِ كُلٌّ مِنْ عِنْدِ رَبِّنَا وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّا أُولُو الْأَلْبَابِ)اور علم میں مضبوطی رکھنے والے کہتے ہیں کہ ہم اس پر ایمان لے کر آئے اور عقل والو ں کے علاوہ کوئی نصیحت حاصل نہیں کرتا ۔‘‘ [آل عمران:۷] ........................................................................ (12)ان تمام صفات پر ہم نے سیر حاصل باحوالہ بحث اپنی کتاب[1] میں کی ہے تفصیل کا طالب اس کی طرف رجوع کرے۔
[1] شرح رسالہ نجاتیہ:( ص:۶۷۔۷۵)