کتاب: عقیدہ اہل سنت والجماعت(شرح عقیدہ واسطیہ) - صفحہ 27
والا، سب کی سننے والا اور سب کچھ جاننے والا ہے۔‘‘ (اور یہ مبتداء اور خبر کی مثال ہے کہ یہاں رحمن، رحیم وغیرہ لفظ اللہ کی خبریں ہیں ) جیسا کہ کہا جاتا ہے ’’اللّٰہ الرحمن الرحیم‘‘ یعنی وہ اللہ جو بڑا مہربان اور نہایت رحم کرنے والا ہے‘‘ (کہ یہاں رحمن اور رحیم لفظ اللہ کی صفات ہیں )۔
رحمن اور رحیم کا معنی اور دونوں کو ملا کر ذکر کرنے کی وجہ کا بیان:
یہ رب تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ میں سے دو باعزت نام ہیں جو رب تعالیٰ کی ذات کے صفتِ رحمت کے ساتھ متصف ہونے پر دلالت کرتے ہیں ، اور ’’رحمت‘‘ رب تعالیٰ کی صفت حقیقہ ہے اور اس کی حقیقت وہی ہے جو اس کی شان کے لائق ہے اور صفت سے اس کا لازم جیسے ’’احسان کا ارادہ‘‘ مراد لینا جائز نہیں ۔ جیسا کہ ’’معطلہ‘‘ کا عقیدہ ہے۔ اس کی مزید تفصیل آگے چل کر آ جائے گی۔ ان شاء اللہ۔
ان دونوں (رحمن اور رحیم) کو ملا کر ذکر کرنے کی علت میں علماء کا اختلاف ہے، ایک قول یہ ہے کہ ’’رحمان‘‘ سے مراد وہ ذات ہے جس کی رحمت نے دنیا کی ہر چیز کا احاطہ کر رکھا ہو۔ کیوں کہ لفظ رحمان کا وزن ’’فعلان‘‘ کا ہے اور ’’فعلان‘‘ کا صیغہ کثرت اور بھر جانے پر دلالت کرتا ہے۔ جب کہ رحیم وہ ذات ہے جس کی رحمت آخرت میں صرف اہلِ ایمان کے ساتھ خاص ہے، اور ایک قول اس کے بالعکس ہے (کہ رحمان اس ذات کا نام ہے جس کی رحمت آخرت میں اہلِ ایمان کے ساتھ خاص ہو۔ جب کہ رحیم وہ ذات ہے جس کی رحمت نے دنیا کی ہر چیز کا احاطہ کر رکھا ہو)
علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے اس باب میں اپنی الگ رائے پیش کی ہے، وہ کہتے ہیں کہ لفظِ رحمن رب تعالیٰ کی اس صفت پر دلالت کرتا ہے جو اس کی ذات کے ساتھ قائم ہے۔ جب کہ لفظِ رحیم اس صفت پر دلالت کرتا ہے جس کا تعلق اسی شے کے ساتھ ہے جس پر رحم کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ قرآنِ کریم میں لفظ ’’رحمن‘‘ کو (کسی دوسرے کی طرف) متعدی کر کے ذکر نہیں کیا گیا (جب کہ لفظِ رحیم کو متعدی کر کے استعمال کیا گیا ہے) چناں چہ ارشاد ہے:
﴿وَکَانَ بِالْمُؤْمِنِیْنَ رَحِیْمًا﴾ (الاحزاب: ۴۳)
’’اور اللہ مومنوں پر مہربان ہے۔‘‘
کہ یہاں رب تعالیٰ نے (رَحیمًا کی جگہ) ’’رحمانا‘‘ نہیں فرمایا۔ رحمن اور رحیم کے درمیان فرق کی بابت سب سے عمدہ قول یہی ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں : ’’یہ دو اسم رقیق (یعنی رقت و رحمت اور نرمی و مشقت کے معنی کو مشتمل) ہیں مگر ایک میں بہ نسبت دوسرے کے