کتاب: عقائد وبدعات - صفحہ 235
شراب اور نشہ آور چیزوں کی حرمت اور نقصانات ۱۔ ام الخبائث، رجس: اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جو اپنی اطاعت کرنے والوں اور متقی بندوں کو عزت دیتا ہے اور اپنی نافرمانی اور حکم عدولی کرنے والوں کو ذلیل کرتا ہے، جو اہل اطاعت کو اپنے پسندیدہ عمل کی توفیق دیتا ہے اور اہل معصیت کو ذلیل کر کے شیطان کو ان پر مسلط کرتا ہے، اور کفرو فسوق اور عصیان کو ان کی نظر میں محبوب بناتا ہے اور ذکر اللہ سے ان کو غافل کر دیتا ہے، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ، اس کے سوا کوئی رب نہیں ، اور گواہی دیتا ہوں کہ بے شک محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے نبی اور رسول ہیں ، اللہ نے ان کو اپنی مخلوق میں سے چن لیا ہے اور اپنی نبوت اور رسالت کی تبلیغ کے لیے منتخب اور پسند کر لیا ہے، ان کی طرف جو کچھ چاہا وحی کیا ہے، اے اللہ اپنے نبی اور رسول اور ان کے آل و اصحاب پر درود بھیج اور جو لوگ ان کی سنت کو مضبوط پکڑیں اور ان کے طریقہ پر چلیں ان پر رحمت نازل کر۔ حمد و صلوٰۃ کے بعد معلوم ہو کہ اللہ کا ارشاد ہے: ﴿یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِنَّمَا الْخَمْرُ وَ الْمَیْسِرُ وَ الْاَنْصَابُ وَ الْاَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّیْطٰنِ فَاجْتَنِبُوْہُ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَo اِنَّمَا یُرِیْدُ الشَّیْطٰنُ اَنْ یُّوْقِعَ بَیْنَکُمُ الْعَدَاوَۃَ وَ الْبَغْضَآئَ فِی الْخَمْرِ وَ الْمَیْسِرِ وَ یَصُدَّکُمْ عَنْ ذِکْرِ اللّٰہِ وَ عَنِ الصَّلٰوۃِ فَہَلْ اَنْتُمْ مُّنْتَہُوْنَo وَ اَطِیْعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ وَ احْذَرُوْا فَاِنْ تَوَلَّیْتُمْ فَاعْلَمُوْٓا اَنَّمَا عَلٰی رَسُوْلِنَا الْبَلٰغُ الْمُبِیْنُo﴾ (المائدۃ: ۹۰۔۹۲)