کتاب: عقائد وبدعات - صفحہ 13
عقائد اسلام ۱۔ اسلام اور مسلمانوں کا عقیدہ: اسلام، فطرت سلیمہ اور طریقہ مستقیمہ کا دین ہے، اللہ اس کے ذریعے سے اُن لوگوں کو سلامتی کی راہیں دکھاتا ہے جو اس کی رضا پر چلتے ہیں اور انہیں تاریکیوں سے نکال کر نور ہدایت کی طرف لاتا ہے اور صراط مستقیم کی طرف اُن کی راہنمائی کرتا ہے۔ الغرض! اسلام وہ دین ہے جسے اللہ تعالیٰ نے تمام اُمتوں کے لیے پسند کیا ہے۔ اللہ سبحانہٗ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الْاِسْلَامُ﴾ (آل عمران: ۱۹) ’’بیشک مقبول دین اللہ کے نزدیک صرف اسلام ہے۔‘‘ نیز فرمایا: ﴿وَ مَنْ یَّبْتَغِ غَیْرَ الْاِسْلَامِ دِیْنًا فَلَنْ یُّقْبَلَ مِنْہُ وَ ہُوَ فِی الْاٰخِرَۃِ مِنَ الْخٰسِرِیْنَo﴾ (آل عمران: ۸۵) ’’اور جو شخص اسلام کے سوا دوسرا دین چاہے گا تو وہ ہر گز مقبول نہیں ہوگا اور آخرت میں خسارہ اٹھانے والوں میں ہوگا۔‘‘ اسلام تمام انبیاء کا دین ہے، ان میں سب سے پہلے حضرت نوح علیہ السلام ہیں ، اور سب سے آخری حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ، اللہ کا ارشاد ہے: ﴿شَرَعَ لَکُمْ مِّنْ الدِّیْنِ مَا وَصَّی بِہٖ نُوحًا وَّالَّذِیْ اَوْحَیْنَا اِِلَیْکَ وَالَّذِیْ اَوْحَیْنَا اِِلَیْکَ وَمَا وَصَّیْنَا بِہٖ اِِبْرٰہِیْمَ وَمُوْسٰی وَعِیْسٰی اَنْ اَقِیْمُوْا الدِّیْنَ وَلَا تَتَفَرَّقُوْا فِیْہِ کَبُرَ عَلَی الْمُشْرِکِیْنَ مَا تَدْعُوْہُمْ اِِلَیْہِ اَللّٰہُ یَجْتَبِیْٓ اِِلَیْہِ مَنْ یَّشَآئُ وَیَہْدِیْٓ اِِلَیْہِ مَنْ یُّنِیْبُo﴾ (الشورٰی: ۱۳)