کتاب: عقائد وبدعات - صفحہ 11
و فضیلت حاصل ہے کہ آپ نے ان معذوروں کے بالغ ہونے تک کے لیے ان کے مال کو بڑھانے کا ایک کامیاب نظام بنایا۔ جبکہ پرانا نظام موجود پڑوسی حکومتوں کا نظام بھی صرف اتنا ہے کہ نو عمر یتیموں کے رشتہ داروں میں سے کسی کو اس کی جائیداد و اموال کا ولی مقرر کر کے چھوڑ دیا جاتا ہے اور وہ من مانی جا و بے جا طور پر ان میں تصرف کرتے ہیں ۔ حضرت شیخ کے اس نئے نظام کی وجہ سے قطر کا محکمہ شرعیہ اب یتیموں کا والی بن گیا ہے۔ جو اپنے حسن تصرف و تدبیر سے ان کے مالوں کی نگرانی کرتا ہے اور ان کے بالغ ہونے تک ان میں اضافہ اور بڑھاوے کی جد و جہد کرتا ہے۔ حضرت شیخ نے ملک کے تمام اطراف میں مساجد کی تعمیر کروائی، اور مسجد الشیوخ میں خطبہ جمعہ کو اپنی زندگی کا شعار بنا لیا۔جو دراصل آپ کا ہفتہ وار علمی درس ہے جو آپ کے بلند علمی افکار اور فقہی آراء پر مشتمل ہوا کرتا ہے۔ ادھر پچھلے سالوں سے آپ نے چند اہم ترین موضوعات پر نہایت وقیع علمی رسائل لکھے جنہیں عصر حاضر کے بہت سے جدید مسائل پر آپ نے محققانہ جوابات دیے جو اپنی تحقیق و جدّت کے اعتبار سے پچھلے اسلامی دور میں اپنی نظر نہیں رکھتے۔
قطر کی حکومت، اپنی علم نوازی او ردینی کتابوں کی اشاعت کے لیے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ تفسیر و حدیث اور فتاویٰ و مسائل و تاریخ پر مشتمل بڑی بڑی ضخیم کتابیں نہایت اعلیٰ طباعت کے ساتھ مزین ہو کر اسلامی کتب خانوں اور دنیا کے علمی اداروں میں تقسیم ہوا کرتی ہیں ۔ لیکن یہ اہتمام فضیلۃ الشیخ عبداللہ بن زید المحمود کی علم نوازی اور علمی قدر دانی ہی کے سبب ہے۔ آپ امیر قطر اور ان کی حکومت کے علمی اور روحانی مشیر و جاہت کی وجہ سے اسلامی دنیا میں عقیدت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں ۔
یوں تو تقریباً تمام اہم دینی موضوعات پر آپ کے رسائل موجود ہیں ، جن میں بعض نہایت اہم اور بہت ہی مفید ہیں ۔ خاص طور پر مسلک سلف کی تائید اور شرک و بدعات اور منکرات و فواحش کے ردّ میں آپ کے تمام رسائل انتہائی قابل قدر ہیں ۔
زیر نظر مجموعہ میں حضرت شیخ کے حسب ذیل رسائل کو حصہ اوّل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔