کتاب: اپنے گھر کی اصلاح کیجیے - صفحہ 37
نیز اللہ تعالیٰ کا ارشادہے:
﴿ إِنَّ الشِّرْكَ لَظُلْمٌ عَظِيمٌ ﴾ (لقمان:۱۳)
’’بے شک شرک بڑا گناہ ہے۔‘‘
انسان نیک کام کرتاہے، اللہ کی اطاعت وفرماں برداری میں زندگی بسر کرتاہے، تو اللہ تعالیٰ اسے اس کا اجر جنت کی صورت میں دے گا،اگر برائی کرتاہے،اللہ کی معصیت ونافرمانی میں زندگی بسر کرتاہے، تو اللہ تعالیٰ اس کا بدلہ جہنم کی صورت میں دے گا۔
۲۔ بیوی کے ایمان ویقین میں پختگی اور تقویت پیدا کرنے کے لیے قیام اللیل اور تہجد کی رغبت دلائی جائے،تلاوت قرآن کی تلقین کی جائے، مختلف اوقات کے لیے ماثور دعائیں یاد کرائی جائیں، صدقہ وخیرات کرنے پر ابھارا جائے،اسلامی ومذہبی کتابیں پڑھنے کو دی جائیں، ریڈیو اور ٹیپ ریکاڈر سے اسلامی تقریریں اور نصیحتیں سنائی جائیں، نیک اور پاک دامن عورتوں کے پاس اٹھنے بیٹھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں، نیک اور بزرگ خواتین کو گھروں میں آنے کی دعوت دی جائے اور اپنی عورتوں کو بھی ان کے گھر جانے کی اجازت دی جائے۔
مگر بری عورتوں سے ملنے جلنے اور بری جگہوں کی زیارت اور سیر وتفریح سے روکا جائے اور نہ ہی ان عورتوں کو اپنے گھروں میں آنے کی اجازت دی جائے، جن کی وجہ سے خواتین کے دین وایمان میں فتنہ وفساد اور گھروں کے اندر آپسی تفرقہ وبدگمانی کا اندیشہ ہو۔
٭٭٭