کتاب: اپنے گھر کی اصلاح کیجیے - صفحہ 209
گھروں کی اصلاح کے لیے چند نصیحتیں
۱۔والدین اور اولاد کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی چند نصیحتیں :
دعوتِ دین کی قدر ومنزلت کے بارے میں ایک بات یہ ہے کہ یہ کام ان لوگوں کے اوصاف میں سے ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے بہترین قول والا قرار دیا ہے۔ اس بات کی دلیل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب مقدس میں فرمایا ہے:
﴿وَمَنْ أَحْسَنُ قَوْلًا مِمَّنْ دَعَا إِلَى اللَّهِ وَعَمِلَ صَالِحًا وَقَالَ إِنَّنِي مِنَ الْمُسْلِمِينَ﴾(فصلت: ۳۳)
’’اور اس سے زیادہ اچھی اور خوبصورت بات والا کون ہے، جو اللہ تعالیٰ کی طرف بلائے، نیک کام کرے اور کہے: میں یقیناً مسلمانوں میں سے ہوں۔‘‘
ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے شخص کو قابل رشک قرار دیا ہے جس کو حکمت عطا کی گئی ہو اور وہ دوسرے لوگوں کو اس کی تعلیم دے۔[1]
امام ابن القیم رحمہ اللہ نے تحریر کیا ہے کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کو آگاہ فرمایا کہ دو خصلتوں کے سوا کوئی اور خصلت اسے قابل نہیں کہ کوئی شخص اس کی بنا پر کسی سے حسد کرے، اور وہ دو خصلتیں یہ ہیں : لوگوں کے ساتھ علم اور مال کے ساتھ احسان کرنا (یعنی انہیں علم سکھانا اور مال دینا)۔ [2]
[1] متفق علیہ، صحیح البخاری: ۷۲۔ وصحیح مسلم: ۱۳۵۲۔
[2] مفتاح دار السعادۃ۔