کتاب: اپنے گھر کی اصلاح کیجیے - صفحہ 20
گھر کا ذمہ دار گھروں کی اصلاح وسدھار کی اصل ذمہ داری گھر کے ذمہ دار و سربراہ پر ہے۔ اس لیے سب سے پہلے اس کے متعلق چند باتیں ضبط تحریر کی جارہی ہیں : ۱۔ گھر کے ذمہ دار پر لازم ہے کہ وہ سب سے پہلے اپنے آپ کو کتاب وسنت کی تعلیمات سے آراستہ وپیراستہ کرے۔ ان پر عمل پیرا ہو، اپنے اندر دینی ذوق وشوق اور اسلامی رجحان وجذبہ پیدا کرے، اپنے اخلاق وکردار، طور طریقے اور اپنے آپسی معاملات سدھارے، اسلامی قوانین وضوابط اور دینی احکام وفرامین کا لحاظ رکھے، دنیاوی امور کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ اخروی زندگی کی فکر کرے، پھر کتاب وسنت کی روشنی میں گھر والوں کی صحیح تربیت وپرداخت کرے اور ایک صالح اہل خانہ اور ایک صحیح معاشرہ کی تشکیل وتعمیر میں جدوجہد کرے اور خود کو اور اپنے اہل وعیال کو جہنم کے عذاب سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کرے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿ يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا قُوا أَنْفُسَكُمْ وَأَهْلِيكُمْ نَارًا وَقُودُهَا النَّاسُ وَالْحِجَارَةُ عَلَيْهَا مَلَائِكَةٌ غِلَاظٌ شِدَادٌ لَا يَعْصُونَ اللَّهَ مَا أَمَرَهُمْ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُونَ ﴾ (التحریم:۶) ’’اے ایمان والو! تم اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سے بچاؤ جس کا ایندھن انسان اور پتھرہیں، جس پر سخت دل مضبوط فرشتے مقرر ہیں، جنہیں جو حکم اللہ تعالیٰ دیتا ہے اس کی نافرمانی نہیں کر تے،بلکہ جو حکم دیا جائے بجالاتے ہیں۔‘‘